Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں ساڑھے 8 لاکھ ٹن سے زائد گندم کی درآمد

14 بحری جہازوں کے ذریعے مختلف بندرگاہوں پر پہنچائی جائے گی۔ (فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں اناج کے ذخیرے کی اہم ذمہ دار تنظیم سعودی گرین آرگنائزیشن (ساگو) نے رواں سال میں گندم کی پانچویں اور آخری کھیپ درآمد کرنے کے تمام اقدامات  مکمل کر لیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی پریس ایجنسی نے واضح کیا ہے کہ ضرورت کے مطابق 8 لاکھ 60 ہزار ٹن گندم یورپی یونین، آسٹریلیا اور کینیڈا کے علاوہ شمالی اور جنوبی امریکہ سے درآمد  کی جائے گی۔

جدہ اسلامی بندرگاہ  پر  4 لاکھ 90 ہزار  ٹن گندم پہنچے گی۔(فوٹو ٹوئٹر)

درآمد کی جانے والی گندم کی یہ بڑی کھیپ آئندہ سال کے ابتدائی مہینوں فروری اور مارچ  کے درمیان 14 بحری جہازوں کے ذریعے سعودی عرب کی مختلف بندرگاہوں پر پہنچائی جائے گی۔
جدہ اسلامی بندرگاہ  پر  آٹھ بحری جہازوں کے ذریعے  4 لاکھ 90 ہزار  ٹن گندم پہنچے گی۔ اس کے علاوہ  دمام کی  کنگ عبد العزیزبندرگاہ  پر6 بحری جہاز لنگر انداز ہوں گے ۔ ان جہازوں سے 3 لاکھ 70 ہزار ٹن گندم اتاری جائے گی۔

یہ آرگنائزیشن فروری 1972 میں شاہی فرمان کے ذریعہ قائم کی گئی۔(فوٹو ٹوئٹر)

سعودی گرین آرگنائزیشن(ساگو)کے ترجمان احمد بن عبد العزیز الفارس نے پیر کو کہا کہ درآمدکی گئی  گندم کی  اس کھیپ سے مقامی طلب پوری کی جائے گی اور موجود ذخیرہ  برقرار رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی گرین آرگنائزیشن ایک ایسا منفرد قومی ادارہ ہے جو سعودی عرب میں اہم غذائی اجناس کی فراہمی کے ذریعے معاشی ترقی کے حصول اور شہریوں کے لیے گندم کی ضرورت پوری کرنے میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔

ساگو  ملک میں گندم کی ضرورت پوری کرنے میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)

سعودی عرب میں اناج پر توجہ رکھنے والی یہ آرگنائزیشن فروری 1972 میں شاہی فرمان کے ذریعہ قائم کی گئی تھی۔ اس کی ذمہ داریوں میں  فلور ملیں قائم کرنا اور چلانے کے علاوہ  آٹے کی پیداوار کی نگرانی اور جانوروں کے چارے  کی فیکٹریوں پر توجہ رکھنا  شامل ہیں۔
سعودی گرین آرگنائزیشن(ساگو)  کا مقصد مملکت میں  اناج کے مناسب ذخیرہ قائم رکھنا، ہنگامی صورتحال میں اس مقدار کو برقرار رکھنا اوراناج کی خریداری شامل ہے۔
 
 
 

شیئر: