Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوکرین میں سعودی زرعی فارمز سے گندم کی پہلی کھیپ

 بیرون ملک سعودی زرعی فارمز میں کاشت گندم کی پہلی کھیپ سعودی عرب پہنچ گئی۔ 
سعودی غلہ جات کے سرکاری ادارے نے کہا کہ یوکرین میں سعودی زرعی فارموں سے 60 ہزار ٹن گندم کی پہلی کھیپ جدہ اسلامی بندرگاہ پہنچی ہے۔
 میویشیوں کی افزائش اور کاشتکاری کرنے والی سعودی کمپنی ’سالک‘ یوکرین میں زرعی فارم قائم کیے ہوئے ہے وہاں کاشت ہونے والی گندم پہلی مرتبہ سعودی عرب لائی گئی ہے۔ 
اخبار 24 کے مطابق غلہ جات کے سرکاری ادارے کے گورنر احمد الفارس نے بتایا کہ سعودی عرب بیرون ملک کاشتکاری میں سرمایہ لگائے ہوئے ہے تاکہ بیرونی دنیا سے غذائی اشیا مستقل بنیادوں پر حاصل کی جاتی رہیں۔
سعودی حکومت زراعت کے شعبے میں مختلف ملکوں میں منصوبے شروع کیے ہوئے ہے تاکہ اگر کسی ایک علاقے سے خوراک کی رسد متاثر ہو تو دوسری جگہ سے اس کا تدارک کیا جاسکے۔  
احمد الفارس نے کہا کہ غلہ جات کے سرکاری ادارے نے جدہ اسلامی بندرگاہ پر گندم اتروانے کے انتظامات مکمل کرلیے۔ ہمارا ادارہ مختلف ملکوں سے گندم خریدنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔انٹرنیشنل مارکیٹ میں ٹینڈر دے کرکاشتکاروں سے گندم کے سودے کیے جارہے ہیں۔

سعودی عرب بیرون ملک کاشتکاری میں سرمایہ لگائے ہوئے ہے(فوٹو ٹوئٹر)

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں آبپاشی کے مسائل کے پیش نظر اندرون ملک سبز چارے کی کاشت پر پابندی لگائی گئی ہے۔ آئندہ موسم سے 15 لاکھ ٹن سالانہ غلہ حاصل کیا جائے گا۔ 
یاد رہے کہ سعودی عرب نے طے کیا ہے کہ جو سعودی شہری بیرون ملک زراعت کے شعبے میں سرمایہ لگائے ہوئے ہیں اور وزارت ماحولیات و پھانی و زراعت میں اندراج کرائے ہوئے ہیں ان سے 10 فیصد گندم کی خریداری ہر سال ہوگی۔

شیئر: