وزارت تجارت نے ایک ای مارکیٹنگ ویب کے مالک کو جعل سازی اور دھوکہ دہی کےالزام میں حراست میں لے کرتحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ویب نیوز’اخبار24 ‘ کے مطابق وزارت تجارت کو متعدد لوگوں کی جانب سے موصول شکایات میں کہا گیا تھا کہ ایک ای مارکیٹنگ کی ویب سائٹ پر انہیں ارزاں داموں میں موبائل فون فروخت کیے گئے۔
متاثرین کا کہنا تھا کہ موبائل فون کی رقم پیشگی لی گئی مگر مقررہ مدت گزرنے کے باوجود انہیں فون موصول نہیں ہوئے۔
ویب نیوز کا کہنا تھا کہ وزرات تجارت کو اس حوالے سے دسیوں شکایات موصول ہوئیں جن کا جائزہ لینے کے بعد معلوم ہوا کہ ای مارکیٹنگ کے مالک نے سوشل میڈیا کی بعض شخصیات کا استعمال کرتے ہوئے انتہائی ارزاں نرخوں پر موبائل فون فروخت کرنے کی پیشکش کی۔
ای مارکیٹنگ کرنے والے نے لوگوں سے موبائلز کی قیمت پیشگی اپنے اکاونٹ میں وصول کی جس کی مجموعی مالیت 40 لاکھ ریال بنتی تھی۔
متاثرین نے وزارت تجارت کو تمام ثبوت مہیا کیے جس پر وزارت تجارت کی مخصوص ٹیم نے ای مارکیٹنگ کے مالک کو تحقیقات کے لیے حراست میں لے کر دھوکہ دہی کا مقدمہ دائر کردیا۔
’اخبار 24 ‘ کا مزید کہنا ہے کہ مذکورہ کیس میں دھوکہ دہی کی شق کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے تاہم تحقیقاتی ادارے ملزم سے جامع انداز میں تحقیقات کررہے ہیں تاکہ حقیقت معلوم کی جاسکے۔
دوسری جانب وزارت تجارت نے متاثرین کو یقین دلایا ہے کہ انکے حقوق کی حفاظت کی جائے گی۔