کورونا سے بچاو کے لیے تعلیمی اداروں کو بند کیاگیا، وزیر تعلیم
کورونا سے بچاو کے لیے تعلیمی اداروں کو بند کیاگیا، وزیر تعلیم
اتوار 22 نومبر 2020 19:11
سعودی عرب آن لائن تعلیم کا بنیادی ڈھانچہ مہیاکرنے میں کامیاب رہا(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی وزیر تعلیم حمد آل الشیخ نے کہا ہے کہ جی ٹوئنٹی کے ماتحت تعلیمی گروپ نے بحرانوں کے دوران تعلیم جاری رکھنے کے موضوع پر مباحثہ کیا جس سے یہ بات سامنے آئی کہ کورونا وبا کے دوران تعلیم کے حوالے سے ممالک کو بڑے چیلنجز کا سامنا تھا۔
تعلیمی اداروں کو بحالت مجبوری بند کیا گیا ۔ لوگوں کی سلامتی اور انکا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ سعودی خبر رساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق سعودی وزیر تعلیم نے کورونا بحران کے دوران تعلیم سے متعلق سعودی عرب کا تجربہ جی ٹوئنٹی میں شامل ملکوں کے سامنے رکھا ۔
وزیر تعلیم نے بتایا کہ ہم نے کورونا کے دوران سعودی عرب میں سکول بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا کیونکہ ہماری پہلی ترجیح طلبہ و طالبات تدریسی و انتظامی عملے کی سلامتی تھی ۔
وزیر تعلیم نے مزید کہا ’انہوں نے جی ٹوئنٹی میں شامل ملکوں کو بتایا کہ مملکت میں بحران کے دوران آن لائن اور سیٹلائٹ چینلز کے ذریعے تعلیم کی فراہمی کا آغاز کیا اور کووڈ 19 کے تجربے کے بعد تعلیم کے شعبوں میں 16 بین الاقوامی درجوں میں پیش رفت حاصل کی ۔
وزیر تعلیم نے بتایا کہ وبا کے دوران جامعات میں تعلیم جاری رکھنے کے سلسلے میں کوئی مشکل نہیں ہوئی۔ چند ہفتوں میں سعودی عرب آن لائن تعلیم کا بنیادی ڈھانچہ مہیاکرنے میں کامیاب ہو گیا ۔
وزیر تعلیم نے توجہ دلائی کہ ہمارے یہاں آن لائن تعلیم کے مزید پروگرام موجود ہیں ۔