Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عالمی ادارہ صحت کورونا کی جڑ تک پہنچنے کے لیے 'ہر ممکن اقدام کرے گا'

ادارے کے ڈائریکٹر نے ناقدین کو کہا ہے کہ کورونا وائرس کے مسئلے کو سیاسی نہ بنایا جائے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کووڈ-19 کے جانوروں سے تعلق کا پتا لگانے کے لیے ادارہ ہر ممکن کوشش کرے گا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیر کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر ٹیڈروس غیبریسس کا کہنا تھا کہ وہ جاننا چاہتے ہیں کہ کورونا وائرس کہاں سے آیا ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے ناقدین سے بھی کہا ہے کہ کورونا وائرس کے مسئلے کو سیاسی نہ بنایا جائے۔
واضح رہے کہ ناقدین کا کہنا ہے کہ عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس سے متعلق تحقیقات کی ذمہ داری چین کو دے رکھی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکہ نے چین پر کورونا وائرس کی شدت چھپانے کا الزام لگایا ہے اور نومبر کے اوائل میں عالمی ادارہ صحت کو کہا تھا کہ اس وبا سے متعلق تحقیقات کو شفاف رکھا جائے۔
ٹرمپ انتظامیہ نے عالمی ادارہ صحت پر چین کے حق میں فیصلہ کرنے کا الزام لگایا تھا اور اسے چین کی کٹھ پتلی بھی کہا تھا۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس سے متعلق تحقیقات کی ذمہ داری چین کو دے رکھی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

تاہم ادارے کے ڈائریکٹر نے یہ الزامات مسترد کیے تھے۔
ان الزامات کے جواب میں ادارے کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی تحقیق کرنے والی ٹیم میں قابل احترام افراد شامل ہیں جو کہ روس، آسٹریلیا، سوڈان، ڈنمارک، نیدرلینڈز، جرمنی، جاپان، ویتنام، برطانیہ اور امریکہ سے آئے ہیں۔

شیئر: