احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کا انتقال
سابق جج کو چند ہفتے قبل کورونا تشخیص ہوا تھا تاہم وہ صحت یاب ہو گئے تھے۔ فوٹو: سوشل میڈیا
پاکستان میں احتساب عدالت کے برطرف کیے جانے والے جج ارشد ملک اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے ہیں۔
جمعے کو ارشد ملک کے چچا زاد بھائی ملک ثمر نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے اردو نیوز کو بتایا کہ سابق جج کا انتقال دل کے دورے کے باعث ہوا۔ ملک ثمر کے مطابق ارشد ملک کو چند ہفتے قبل کورونا ہوا تھا تاہم وہ صحت یاب ہو گئے تھے۔
ارشد ملک نے بطور احتساب عدالت کے جج سابق وزیراعظم نواز شریف کو سزا سنائی تھی۔ انہوں نے 24 دسمبر 2018 کو العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو سات سال قید کی سزا دی تھی جبکہ فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں انہیں باعزت بری کیا تھا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کو سزا سنائے جانے کے بعد جج ارشد ملک کا ویڈیو سکینڈل سامنے آیا تھا جس میں وہ ن لیگ کے کارکن ناصر بٹ سے گفتگو کرتے دیکھے گئے۔
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے ارشد ملک کی ویڈیو پریس کانفرنس میں دکھا کر الزام عائد کیا تھا کہ نواز شریف کو سزا جج پر دباؤ ڈال کر سنائی گئی۔ جبکہ جج ارشد ملک نے ویڈیو کو جعلی قرار دیا تھا۔
وزارت قانون نے سکینڈل سامنے آنے کے بعد جج ارشد ملک کی خدمات پنجاب کو واپس کر دی تھیں۔
بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ کی انضباطی کمیٹی نے ارشد ملک کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا تھا۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی سربراہی میں قائم 7 رکنی انتظامی کمیٹی کے اجلاس میں جج ارشد ملک کی برطرفی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان کی سپریم کورٹ نے بھی ویڈیو سکینڈل کا نوٹس لیا تھا اور وفاقی تحقیقاتی ادارے سے جج ارشد ملک کے بارے میں تفتیش کرائی تھی۔