Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان: اموات کے بعد کورونا سے شدید متاثر مریضوں کی تعداد بھی بڑھنے لگی

پاکستان میں کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد زیادہ بیمار ہونے والے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے (فوٹو: اردو نیوز)
پاکستان میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والے مریضوں کا تناسب کل ٹیسٹ کیے گئے افراد کی تعداد کا سات اعشاریہ 78 فیصد ہو چکا ہے جب کہ وائرس کا نشانہ بننے کے بعد بیماری کی تشویشناک سطح کو پہنچنے والے افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان بھر میں دو ہزار 963 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص کی گئی ہے۔ گزشتہ روز ملک میں وائرس سے 60 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
سرکاری سطح پر جاری کیے گئے اعدادوشمار سے واضح ہے کہ حالیہ اضافے کے بعد ایکٹو کورونا کیسز کی تعداد 45 ہزار 324 ہو چکی ہے۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں 38 ہزار 90 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے کورونا وائرس سے متعلق اعدادوشمار سامنے آنے کے بعد کراچی میں اب بھی مثبت کیسز کی شرح ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ کراچی میں  ٹیسٹ کیے گئے افراد میں کورونا مثبت آنے کی شرح 21 اعشاریہ 80 فیصد ہے۔
19.3 فیصد کے ساتھ حیدرآباد میں مثبت کیسز کا تناسب دوسرے نمبر پر، میر پور میں 13 اعشاریہ 16 فیصد کے ساتھ تیسرے جب کہ راولپنڈی میں 13 اعشاریہ 03 فیصد کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ 
پاکستان میں کورونا مریضوں کی شرح اموات دو فیصد ہے جب کہ عالمی سطح پر یہ شرح دو اعشاریہ 28 فیصد ہے۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد سے اب تک پاکستان میں چار لاکھ 26142 کورونا کیسز سامنے آئے، جب کہ 8547 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ وائرس کا نشانہ بننے والوں میں سے تین لاکھ 72271 مریض بیماری سے صحت یاب ہوئے ہیں۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: