Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’چھوٹے پھر سے ٹھیک ہو کر پریشان کرنے کا موقع ضرور دینا‘

ریمو ڈی سوزا کی انجیوپلاسٹی کی گئی ہے ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے (تصویر: فیس بک )
انڈین فلم انڈسڑی کے مشہور کوریوگرافر ریمو ڈی سوزا کے دل کے دورے کی خبر منظر عام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر دوست احباب اور مداحوں کی جانب سے ان کی صحت کے لیے دعاؤں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق 46 سالہ ہدایت کار کو گذشتہ روز دل میں تکلیف محسوس ہوئی جس کے  بعد انہیں ممبئی کے ایک ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں وہ آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔
ریمو ڈی سوزا، گیتا کپور اور ٹیرنس لیوس انڈین ڈانس رئیلٹی شو ‘انڈیا ڈانس‘ میں جج کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں، انہوں نے تین سال تک شو ایک ساتھ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پرریمو ڈی سوزا اور ٹیرنس کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے گیتا کپور نے ان کے لیے جلد صحت یابی کی دعائیں دیتے ہوئے لکھا کہ ’چھوٹے جلدی ٹھیک ہو کر پریشان کرنے موقع ضرور دینا، بہت سا پیار اوردعائیں ان تمام لوگوں کی طرف سے جو آپ تک براہ راست پہنچ نہیں پاتے۔‘
ڈانس کوریو گرافر ٹیرنس نے بھی ریمو ڈی سوزا کے ساتھ کپل شرما شو کی ایک یادگار تصویر شیئر کی جس میں وہ ہنستے ہوئے دیکھائی دے رہے ہیں۔
یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹیرنس نے لکھا کہ ’بہت جلد ہم پرانے وقت کی طرح ایک ساتھ گھوم پھر رہے ہوں گے۔‘
سٹریٹ ڈانسر تھری میں ریمو ڈی سوزا کے ساتھ کام کرنے والی بالی وڈ کی مشہور ڈانسر نورا فاتح نے ریمو کے لیے ایک طویل نوٹ لکھتے ہوئے کہا کہ ’خدا کا شکر ہے کہ آپ صحت یابی کی طرف جا رہے ہیں آپ نے تو ہمیں خوفزدہ کر دیا تھا، ہماری دعائیں آپ اور آپ کے ایل خانہ کے ساتھ ہیں۔‘
این ڈی ٹی وی کے مطابق اہل خانہ نے بتایا ہے کہ ریمو ڈی سوزا کی انجیوپلاسٹی کی گئی ہے، ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے لیکن فی الحال وہ ہسپتال میں زیر نگرانی ہیں۔

شیئر: