Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین بلومبرگ کی کارکن سمیت تمام صحافیوں کو رہا کرے: یورپی یونین

بیان کے مطابق ’چینی صحافیوں اور شہریوں کو اس سال غائب، گرفتار یا ہراساں کیا گیا۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
یورپی یونین نے چین پر زور دیا ہے کہ وہ بلومبرگ نیوز ایجنسی کی کارکن سمیت ان تمام صحافیوں اور شہریوں کو رہا کرے جو ان کی رپورٹنگ سے منسلک ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق چینی شہری ہیز فین کو گذشتہ پیر کو ان کے گھر سے سادہ کپڑوں میں ملبوس سکیورٹی اہلکاروں نے حراست میں لے لیا تھا۔ بیجنگ کا کہنا ہے کہ انہیں قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
یورپی یونین کے ترجمان نے سنیچر کو اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’ وہ تمام افراد جنہیں رپورٹنگ کرنے کی وجہ سے گرفتار کر کے حراست میں رکھا گیا ہے، انہیں جلد رہا کر دینا چاہیے۔‘
بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ’رپورٹنگ کرنے کی وجہ سے دیگر چینی صحافیوں اور شہریوں کو اس سال غائب، گرفتار یا ہراساں کیا گیا۔‘
بیان کے مطابق ’ہم چینی حکام سے یہ توقع کرتے ہیں کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ ہیز فین کو طبی سہولیات فراہم کریں گے، انہیں اپنی مرضی کا وکیل کرنے اور اپنے اہلخانہ سے رابطے کی اجازت دیں گے۔‘
اس سے قبل چینی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ ہیز فین کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
بلومبرگ کا کہنا تھا کہ وہ ان کے لیے ’کافی پریشان‘ ہیں اور اس حوالے سے مزید معلومات لے رہے ہیں۔
چینی شہریوں کو حکومت کی جانب سے چین میں غیرملکی خبر رساں اداروں کے لیے بطور رپورٹر کام کرنے سے روک دیا گیا ہے تاہم انہیں بطور نیوز اسسٹنٹ کام کرنے کی اجازت ہے۔

شیئر: