Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دو ماہ سے خروج وعودہ ایکسپائرڈ ہے، واپسی کیسے ہوگی؟

خروج نہائی پر جانے والے کسی بھی وقت مملکت آسکتے ہیں- فوٹو: ابشر ٹوئٹر
سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وبا کے دوران مملکت سے چھٹی پر گئے ہوئے تارکین کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں حکومت کی جانب سے مفت اور خود کار توسیع کے بعد پروازوں کی عدم دستیابی یا دیگر مسائل کے باعث جو تارکین مملکت نہیں آسکے اور انکے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت بھی ختم ہوگئی ان کی سہولت کے لیے حکومت نے ابشر پر خصوصی آپشن جاری کیا ہے ۔ 
بعض اوقات کسی فنی خرابی کی وجہ سے فراہم کی جانے والی سہولت میں رکاوٹ آجاتی ہے اس بارے میں جاننے کے لیے جوازات سے رجوع کیا گیا جس پر محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے کیا کہا گیا آئیے معلوم کرتے ہیں۔

 ابشر پر ’رسائل و طلباتق سہولت فراہم کی گئی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

احمد علی: کورونا کی وبا کے دوران میں چھٹی پر گیا تھا، میرے خروج وعودہ کی مدت میں خود کار طریقے سے توسیع ہو گئی تھی مگراس دوران مجھے سیٹ نہیں ملی بعدازاں خروج وعودہ کی مدت ایکسپائر ہوگئی جس کے بعد اس میں توسیع نہیں ہوئی، کفیل سے بات کی تو وہ کہتا ہے کہ ’ابشر‘ سے بڑھانے کی کوشش کی تھی مگرسسٹم قبول نہیں کررہا۔ واضح رہے میرے خروج وعودہ کو ایکسپائر ہوئے بھی 60 دن سے زائد ہو چکے ہیں- اس صورت میں کیا حل ہوسکتا ہے؟ 
جواب: سعودی حکومت کی جانب سے کورونا وبا کے دوران جب پروازوں پر پابندی تھی چھٹی پر گئے ہوئے غیر ملکیوں کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں بغیر فیس کے خودکار طریقے سے توسیع کردی گئی تھی۔ 
پروازوں پرعائد پابندی مرحلہ وار اٹھائے جانے کے بعد حکومت کی جانب سے غیر ملکیوں کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کی سہولت ’ابشر‘ اکاؤنٹ پر مہیا کردی گئی تاکہ اقامہ ہولڈر وہ تارکین جو پروازوں کی عدم دستیابی یا کسی اور وجہ سے مملکت نہیں پہنچ سکے ان کے اقامے اور خروج وعودہ کی مدت میں ’ابشر‘ اکاؤنٹ کے ذریعے توسیع کی جاسکے۔ 
ایسے افراد جن کے اقاموں میں کسی وجہ سے سسٹم کے ذریعے توسیع ممکن نہیں ہورہی ان کے حوالے سے جوازات کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ ابشر پرموجود آپشن ’رسائل وطلبات‘ کو استعمال کرتے ہوئے پیش آنے والی دشواری کو حل کراسکتے ہیں۔ 

 خروج وعودہ اور اقامہ میں توسیع ’ابشر‘ اکاؤنٹ پر مہیا کردی گئی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

ابشر سسٹم پر ’رسائل والطلبات ‘ کے آپشن پرکلک کرنے کے بعد ’مشاکل ھویہ مقیم ‘ کا براؤزر اوپن کریں وہاں پیش آنے والی مشکل بیان کی جاسکتی ہے۔ 
آپ اپنے کفیل کو کہیں کہ مذکورہ آپشن استعمال کرتے ہوئے اس میسیج کا اسکرین شاٹ لے کر’رسائل والطلبات ‘ پر اپ لوڈ کریں۔ 
مذکورہ آپشن استعمال کرنے پر شکایت کا نمبر خودکار طریقے سے جوازات کی جانب سے آپ کے کفیل کو ارسال کیا جائے گا۔ شکایت درج ہونے کے بعد ہفتہ وار تعطیل کے علاوہ تین ایام کار میں شکایت دور کردی جاتی ہے یا اس بارے میں جو قانونی نقص ہووہ بتادیا جاتا ہے۔ 
انیس خان: میں گذشتہ برس خروج نہائی ویزے پر مملکت سے آیا تھا، کیا میں اب دوبارہ دوسرے ویزے پر جاسکتا ہوں؟ 
جواب: محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ’جوازات ‘ کے قانون کے مطابق جو غیر ملکی قانونی طور پر یعنی ’خروج نہائی‘ ویزہ حاصل کرکے مملکت سے جاتے ہیں اور ان پر کسی قسم کی قانونی خلاف ورزی درج نہیں ہوتی وہ جب چاہیں دوسرے ویزے پر مملکت آسکتے ہیں۔ 
تاہم پابندی عائد کیے جانے کی صورت میں کارکن کو اس وقت مطلع کیا جاتا ہے جب وہ مملکت سے فائنل ایگزٹ پر روانہ ہورہا ہوتا ہے۔ 
عائد کی جانے والی پابندی کی وضاحت اور ممنوعہ مدت کے بارے میں بھی روانگی کے وقت آگاہ کردیا جاتا ہے۔
 
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: