پاکستانی سکواڈ کی آکلینڈ میں ٹریننگ: ’نئے کھلاڑیوں کے لیے بہترین موقع ‘
پاکستانی سکواڈ کی آکلینڈ میں ٹریننگ: ’نئے کھلاڑیوں کے لیے بہترین موقع ‘
بدھ 16 دسمبر 2020 10:11
پاکستان ٹی ٹوئنٹی سکواڈ نے آکلینڈ پہنچنے کے بعد ایڈن پارک میں پہلے ٹریننگ سیشن میں بھرپور انداز میں حصہ لیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی سکواڈ کے کھلاڑیوں نے نیٹ پر باؤلنگ اور بیٹنگ کی پریکٹس کی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق فزیکل ٹریننگ کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں نے فیلڈنگ ڈرلز بھی کیں جبکہ کپتان شاداب خان نے نیٹ پریکٹس میں بھی حصہ لیا۔
شاداب خان نے فزیکل ٹریننگ اور فیلڈنگ پریکٹس کی، نیٹ پر باؤلنگ اور بیٹنگ پریکٹس بھی کی۔ پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 18 دسمبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم کا کہنا ہے کہ ’ہم نے گزشتہ ایک ہفتے سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے بڑی محنت کی ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے بہت پرجوش ہیں اور لڑکے اب بہت بہتر محسوس کررہے ہیں، تماشائیوں کی موجودگی میں لطف اندوز ہوں گے۔‘
پاکستانی آل رانڈر کھلاڑی عماد وسیم کا مزید کہنا تھا کہ ’سٹیڈیم میں کراؤڈ ہو تو اس کا اپنا ہی مزہ ہے۔ مجھے امید ہے کہ ہمیں یہاں اسپورٹ ملے گی، یہ سیریز نئے کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ہے۔‘