ڈاکٹر افنان الشعیبی عرب انٹرنیشنل ویمنز فورم کی سربراہ مقرر
ڈاکٹر افنان الشعیبی عرب انٹرنیشنل ویمنز فورم کی سربراہ مقرر
بدھ 16 دسمبر 2020 21:03
عرب انٹرنیشنل ویمنز فورم کو لندن میں ترقیاتی تنظیم کے طور پر قائم کیا گیا۔(فوٹو عرب نیوز)
ڈاکٹر افنان الشعیبی کو حال ہی میں عرب انٹرنیشنل ویمنز فورم ’’اے آئی ڈبلیو ایف‘‘کی سربراہ نامزد کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ڈاکٹر افنان جو ’’ایف این این انٹرنیشنل‘‘ کی بانی اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیں، اپنا نیا عہدہ یکم جنوری2021 کو سنبھالیں گی۔
اے آئی ڈبلیو ایف کو لندن میں ایک ترقیاتی تنظیم کے طور پر قائم کیا گیا تھا جس کا مقصد مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں خواتین کی قیادت کی حمایت اور سماجی نیز اقتصادی نمو میں تعاون کرنا تھا۔
ڈاکٹر افنان الشعیبی ایک سینیئر مینجمنٹ ایگزیکٹیو ہیں جنہیں20برس سے زیادہ کا تجربہ ہے۔
وہ سعودی عرب، عالم عرب، برطانیہ اور امریکہ کی چیلنجنگ صورتحال میں مالی، اسٹریٹجک اور آپریشنل قیادت کے حوالے سے کامیاب کارکردگی کاریکارڈ رکھتی ہیں۔
ڈاکٹرافنان وزارت ثقافت میں بین الاقوامی تعلقات کی ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر بھی فائز رہ چکی ہیں۔
اس سے پہلے افنان الشعیبی لندن میں عرب برٹش چیمبر آف کامرس ’’اے بی سی سی ‘‘ کی سیکریٹری جنرل کی ذمہ داریاں بھی ادا کر چکی ہیں۔
انہوں نے 2007 سے 2018 تک’’اے بی سی سی ‘‘کی چیف ایگزیکٹیو آفیسرکی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
اس سے قبل ڈاکٹر افنان الشعیبی 1998سے 2007 تک واشنگٹن ڈی سی میں یو ایس سعودی عریبین بزنس کونسل کے صدر کی مشیر کے طو ر پر کام کرتی رہی ہیں۔
ڈاکٹر افنان کو روس کمیونیکیشنزمیں حکومتی معاملات اور کاروباری فروغ کی مشیر کے طور پر خدمات انجام دیتی رہی ہیں۔
وہ ابوظبی انویسٹمنٹ ایجنسی میں نائب مشیر کی حیثیت سے بھی کام کرتی رہی ہیں۔
افنان الشعیبی نے ریاض کی کنگ سعود یونیورسٹی سے انگریزی ادب میں بیچلرڈگری لے رکھی ہے، واشنگٹن ڈی سی کی امیریکن یونیورسٹی سے افنان الشعیبی نے ایجوکیشنل ایڈمنسٹریشن میں ماسٹر ڈگری حاصل کر رکھی ہے جبکہ جارج واشنگٹن یونیورسٹی سے انہوں نے لیڈر شپ ایڈمنسٹریشن میں پی ایچ ڈی کیا ہوا ہے۔
ان کے پاس ہارورڈ کینیڈی سکول سے ایگزیکٹیو ایجوکیشن کا سرٹیفکیٹ بھی ہے جبکہ امیریکن یونیورسٹی، واشنگٹن ڈی سی سے انہوں نے’’پیس اینڈ کانفلکٹ ریزولیوشن‘‘کا سرٹیفکیٹ بھی حاصل کر رکھا ہے۔
ڈاکٹر افنان الشعیبی کنگ خالد یونیورسٹی کے ایڈوائزری کمیشن کی رکن ہیں ، اس کے علاوہ وہ ’’B20 سعودی عریبیہ‘‘کی ایگزیکٹیو کمیٹی ممبر اور ’’اے آئی ڈبلیو ایف‘‘کے بورڈ کی رکن بھی ہیں۔