Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملازمت تبدیل کرنے سے فیملی ویزہ متاثر ہوگا؟

سعودی عرب میں کورونا وائرس کی نئی لہر کے خدشے کے پیش نظر بین الاقوامی سفر پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ 
پابندی کا مقصد لوگوں کو برطانیہ اور یورپی ممالک میں پھیلنے والی کورونا وائرس کی نئی شکل سے محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔ 
اس ضمن میں وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی شکل کے حوالے سے ماہرین تحقیق کررہے ہیں تاکہ اس وائرس کے پھیلاؤ کو جانچا جاسکے۔ 
سعودی عرب میں بین الاقوامی سفر پر عائد پابندی کے ساتھ ہی تمام معاملات رک گئے ہیں۔ بین الاقوامی پروازیں بند ہونے کے اعلان کے بعد ویزوں کا اجرا بھی عارضی طور پر روک دیا گیا ہے جبکہ فضائی کمپنیوں کی جانب سے بھی ٹکٹوں کی رقم کی واپسی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
اردو نیوز کے قارئین کی جانب سے موصول ہونے والے بعض سوالات اور ان کے جوابات حاضر خدمت ہیں۔ 

 کورونا وائرس کی نئی شکل کی وجہ سے بین الاقوامی پروازوں پرعارضی پابندی عائد کی گئی ہے (فوٹو: العربیہ نیٹ)

شیراز احمد کا سوال ہے کہ نیا ویزہ پاسپورٹ پر لگ چکا ہے 26 دسمبر کا ٹکٹ لیا ہے، نئے ویزے والوں کے لیے ممکت میں آنے پر کوئی پابندی تو نہیں؟ 
جواب: سعودی عرب میں نئے کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث 20 دسمبر کی شب بین الاقوامی پروازوں کی آمدورفت پر ایک ہفتے کے لیے پابندی عائد کردی گئی ہے۔ پابندی کے حوالے سے وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ برطانیہ سمیت یورپی ممالک میں کورونا وائرس کی نئی شکل کے باعث احتیاطی اقدامات کے پیش نظر پابندی عائد کی گئی ہے۔ 
سعودی عرب میں وزارت صحت اور دیگر ادارے مشترکہ طور پر حالات کا جائزہ لینے کے بعد لائحہ عمل مرتب کرتے ہیں۔ اس ضمن میں حکام کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی دوسری شکل کے حوالے سے ماہرین ابھی تحقیق کررہے ہیں جیسے ہی وائرس کی تبدیل ہونے والی شکل کے بارے میں طبی ماہرین کی جانب سے کی جانے والی تحقیق کے نتائج سامنے آئیں گے ان کے تناظر میں پابندیوں کے حوالے سے احکامات جاری کردیے جائیں گے ۔ 
آپ کا کہنا ہے کہ ویزہ پاسپورٹ سٹمپ ہو چکا ہے اور آپ کی فلائٹ 26 دسمبر کی ہے جبکہ سعودی عرب میں نئے کورونا وائرس کی دوسری لہر کی وجہ سے تمام بین الاقوامی آمدورفت کو عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے۔ 
فی الحال چونکہ سفر پر حکومت کی جانب سے پابندی عائد کی گئی ہے اس لیے آپ کا ویزہ کارآمد ہے جیسے ہی پابندی اٹھائے جانے کا اعلان ہو گا اردو نیوز میں اس بارے میں فوری طور پر اطلاع فراہم کردی جائے گی۔ 
تاہم یہ یاد رکھیں کہ سعودی عرب آنے والوں کو پی سی آر ٹیسٹ کرانا لازمی ہے جو سفر سے زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے قبل کا ہونا چاہیے۔

فیملی آپ کی زیر کفالت ہوگی (فوٹو: گلف انسائڈر)

اسد اقبال نے پوچھا ہے کہ معلوم یہ کرنا ہے کہ اگر میں اپنی فیملی کو وزٹ ویزے پر بلاتا ہوں تو کیا فیملی کے ہوتے ہوئے اپنی کمپنی تبدیل کرسکتا ہوں؟ اگر کمپنی تبدیل کرنا چاہوں تو فیملی کے لیے کوئی مسئلہ تو نہیں ہوگا؟ 
جواب: آپ اپنی فیملی کو وزٹ ویزے پر بلا سکتے ہیں۔ اگر آپ کمپنی تبدیل بھی کرنا چاہییں تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں کیونکہ فیملی آپ کی زیر کفالت ہوگی اس سے کمپنی کا کوئی لینا دینا نہیں ہوتا ۔ 

 

جہاں تک کمپنی تبدیل کرنے کے بارے میں سوال ہے تو وزٹ پر آنے والی فیملی کا معاملہ آپ کی کمپنی کے معاملات پر اثر انداز نہیں ہوگا۔ وہ اسی طرح رہیں گے اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ 
تاہم اس امر کا خیال رکھیں کہ سعودی عرب میں مارچ 2021 سے نئے قوانین مرتب ہورہے ہیں۔ اس میں کافی تبدیلیاں متوقع ہیں خاص کر غیر ملکی کارکنوں کے ٹرانسفر وغیرہ کے حوالے سے نئے نکات زیر غور ہیں۔ 

 عمرہ پر مکمل طور پر پابندی اٹھائے جانے کی تاحال اطلاع نہیں (فوٹو: المرصد)

آصف شایان نے سوال کیا ہے کہ معمول کے تحت عمرہ کی مکمل اجازت کب تک ملے گی؟ 
جواب: کورونا وائرس کی وجہ سے احتیاطی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سعودی عرب میں عمرہ پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ 
عمرہ زائرین کو منظم کرنے کے لیے محدود تعداد میں لوگوں کو عمرہ کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ 
بیرون ملک سے عمرہ زائرین کی تعداد بھی انتہائی محدود ہے۔  
کورونا وائرس کی دوسری لہر کے خدشے کے تحت حکام نے ایک ہفتے کے لیے تمام سرحدیں بند کرکے بین الاقوامی سفر پر ایک ہفتے کے لیے عارضی پابندی عائد کردی ہے۔ جہاں تک عمرہ کے بارے میں آپ کا سوال ہے اس بارے میں حکام کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے حالات معمول پر آنے کے بعد پابندی اٹھائے جانے کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ 
عمرہ پر مکمل طور پر پابندی اٹھائے جانے کے حوالے سے تاحال کوئی بات کہنا قبل از وقت ہوگا۔ اس بارے میں جیسے ہی سرکاری سطح پر اعلان ہو گا ’اردو نیوز ‘ میں اس کی خبر سب سے پہلے شائع کر دی جائے گی۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: