2028 تک دنیا کی سب سے بڑی معیشت کا اعزاز کس ملک کو حاصل ہوگا؟
چین کی معیشت کورونا سے متاثر ہونے کے بعد جلد بحال ہوئی ہے۔ فوٹو اے ایف پی
چین کی معیشت امریکہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 2028 تک دنیا کی سب سے بڑی معیشت بن جائے گی۔
خبر رساں ادارے ’روئٹرز‘ کے مطابق کورونا وائرس کی عالمی وبا سے قبل لگائے گئے معاشی اندازے کے تحت چین نے 2033 تک دنیا کی بڑی معیشتوں کو شکست دینا تھی، لیکن کورونا وائرس کے بعد 2028 کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ جس کی بنیادی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ چین نے امریکہ کے مقابلے میں کورونا وائرس سے بہتر انداز میں نمٹنے کے باعث اپنی معیشت کو بھی جلد بحال کیا ہے۔
برطانوی تھنک ٹینک سنٹر فار اکنامک اینڈ بزنس ریسرچ کی سالانہ رپورٹ کے مطابق کورونا کی عالمی وبا سے پیدا ہونے والی معاشی صورتحال سے چین کو فائدہ پہنچا ہے۔
تھنک ٹینک کا کہنا ہے کہ چین نے جلدی اور سخت لاک ڈاؤن لگا کر انتہائی ماہرانہ انداز میں وبا سے نمٹا ہے، جبکہ مغربی ممالک کی معیشت پر پڑنے والے دور رس منفی اثرات کا مطلب ہے کہ چین کی معشی کارکردگی میں قدرے بہتری آئی ہے۔
چین نے سال 2021 سے 2025 کے درمیان 5.7 فیصد کی اقتصادی ترقی کا اندازہ لگایا ہوا تھا جبکہ 4.5فیصد کی ترقی ہو سکی تھی۔
تھنک ٹینک کی رپورٹ کے مطابق سال 2022 سے 2024 کے درمیان امریکہ کی معاشی ترقی سست روی کا شکار ہوتے ہوئے 1.9 فیصد ہو گی۔
جبکہ 2030 کی دہائی کے آغاز میں جاپان دنیا کی تیسری بڑی معیشت رہے گا جس کے بعد انڈیا کی معیشت جاپان کی جگہ لیتے ہوئے تیسری بری معیشت بن جائے گی۔
سال 2024 سے برطانیہ کی معیشت پانچویں نمبر سے چھٹے نمبر پر آ جائے گی، جبکہ جرمنی چوتھے سے پانچویں نمبر پر آ جائے گا۔