پاکستان کا ایک کھلاڑی آؤٹ، نیوزی لینڈ کے پہلی اننگز میں 431 رنز
ولیمسن نے 127 رنز بنائے اور 297 گیندوں کا سامنا کیا۔ ان کی اننگز میں 12 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
ماؤنٹ منگنوئی میں پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 30 رنز بنائے ہیں۔ پاکستان کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شان مسعود تھے جو 10 رنز بنانے کے بعد جیمیسن کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں کپتان کین ولیمسن کی شاندار سینچری کے بدولت 431 رنز سکور کیے۔
ولیمسن نے 127 رنز بنائے اور 297 گیندوں کا سامنا کیا۔ ان کی اننگز میں 12 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے 36 اوورز میں 109 رنز بنے۔ یاسر شاہ نے 113 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ماؤنٹ منگنوئی میں دوسرے دن کا کھیل شروع ہوا تو ولیمسن 94 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے اور نیوزی لینڈ کا سکور تین وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز تھا۔
نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 266 رنز پر گری جب ہنری نکولس کو شان مسعود نے نسیم شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ کیا۔ اس وکٹ کی شراکت میں 133 رنز بنے۔
نکولس نے 56 رنز بنائے۔ ان کے بعد کپتان ولیمسن بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر کھڑے نہ رہ سکے اور 281 کے مجموعی سکور پر یاسر شاہ نے ان کو حارث سہیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔
چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سانتنر تھے جنہوں نے 19 رنز بنائے۔ جس کے بعد کیل جیمیسن کی وکٹ حاصل کرنے کے لیے پاکستان کو کافی انتظار کرنا پڑا۔ وہ 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کا مجموعی سکور اس وقت 383 تھا۔
آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی واٹلنگ تھے جنہوں نے 73 رنز بنائے۔ ٹم ساؤتھی بغیر کوئی رنز بنائے یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے جبکہ آخری وکٹ نیل ویگنر کی گری جنہوں نے 19 رنز سکور کیے۔