Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دورہ نیوزی لینڈ: بابر اعظم اور امام الحق ٹیسٹ سکواڈ سے بھی باہر

ٹور سلیکشن کمیٹی نے اوپنر عمران بٹ کو 17 رکنی قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ فائل فوٹو: پی سی بی
نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا اعلان پیر کو کر دیا گیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور اوپنر امام الحق انگوٹھے کی انجری کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے مابین ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر سے ماؤنٹ منگنوئی میں شروع ہوگا۔
ٹور سلیکشن کمیٹی نے اوپنر عمران بٹ کو 17 رکنی قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ عمران بٹ کو پہلی مرتبہ قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
گذشتہ ہفتے کوئنز ٹاؤن میں ٹریننگ کے دوران گیند لگنے سے بابر اعظم کے دائیں  ہاتھ کا انگوٹھا جبکہ امام الحق کے بائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہوگیا تھا۔ دونوں کھلاڑیوں نے تاحال نیٹ پریکٹس کا آغاز نہیں کیا تاہم پی سی بی کا میڈیکل پینل مسلسل ان دونوں کھلاڑیوں کی انجری کامعائنہ کررہا ہے۔
دونوں کھلاڑیوں کی 3 جنوری سے کرائسٹ چرچ میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔
بابراعظم کی عدم دستیابی کے باعث سکواڈ کے  نائب کپتان محمد رضوان ہفتے سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ وہ کرکٹ کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی قیادت کرنے والے 33ویں کپتان ہوں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور اوپنر امام الحق انگوٹھے کی انجری کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

بلوچستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر عمران بٹ نے نیوزی لینڈ میں ٹیم کو جوائن کرنے سے قبل ملک میں جاری قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے تین میچوں میں 191 رنز بنائے تھے۔ 24 سالہ بیٹسمین  نے گذشتہ سال کھیلی گئی قائداعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ 934 رنز بنائے تھے۔ 62 سے زائد کی اوسط سے رنز بنانے والے عمران بٹ نے ٹورنامنٹ میں چار سنچریاں اور تین نصف سنچریاں بنائیں۔
نیوزی لینڈ اے کے خلاف واحد چار روزہ میچ میں پاکستان شاہینزکی  نمائندگی کرنے والے عابد علی، اظہرعلی،حارث سہیل، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس اور نسیم شاہ 23 دسمبر کو ترنگا میں قومی ٹیسٹ اسکواڈ کو جوائن کرلیں گے۔

شیئر: