وفاقی کابینہ نے جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مفتی کفایت اللہ کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرانے کی منظوری دیتے ہوئے سیکرٹری داخلہ کو مزید کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔
مفتی کفایت اللہ کے خلاف مقدمہ لاہور میں درج کیا جائے گا۔
کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ 'آئین پاکستان میں کچھ چیزیں بڑی واضح لکھی ہوئی ہیں۔ قومی اداروں جن میں عدلیہ اور پاک افواج بھی شامل ہیں، کو متنازعہ بنائیں گے تو یہ آئینی خلاف ورزی ہوگی۔‘
مزید پڑھیں
-
حمد اللہ کی شہریت منسوخی کافیصلہ معطلNode ID: 440436
-
’انتظار کریں جب پانامہ لیکس کو بھی میرا کزن بنا دیں گے‘Node ID: 442041
-
مفتی کفایت اللہ کو کام کرنے سے روک دیا گیاNode ID: 452961
انھوں نے کہا کہ اگر ہم شام، لیبیا اور ایران سمیت ایک دو اور ممالک کو نظر میں لائیں تو پتہ چلتا ہے کہ وہاں پر ایک خاص انداز سے مہم چلائی گئی اور ان ملکوں کو کمزور کیا گیا۔
ان کے مطابق یہ مت بھولیں کہ آپ ایک ایسا ملک ہیں کہ ہمارے دشمن ہمارے درپے ہیں، کچھ ظاہری دشمن ہیں جن میں انڈیا بھی شامل ہے، کچھ خفیہ دشمن ہیں جن کا مقصد ہے کہ فوج کو متنازعہ اور کمزور کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ منظم سازش کا حصہ ہے جو دانستہ یا نادانستہ طور پر اس کا حصہ بنتے ہیں ان کے خلاف کارروائی تو کرنا بنتی ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ جو بھی ملک اور اداروں کے خلاف باتیں کرے گا اس کے خلاف کیس تو بنیں گے۔