جعلی چیک سے آن لائن خریداری کرنے والا گروہ گرفتار
جمعرات 31 دسمبر 2020 18:17
ملزمان اب تک 3 لاکھ 50 ہزار ریال کی خریداری کرچکے تھے (فوٹو: عرب نیوز)
ریاض میں پولیس نے چار غیرملکیوں کو گرفتار کر لیا جو آن لائن خریداری کرکے جعلی پے آڈرز کے ذریعے ادائیگیاں کرتے تھے۔ ملزم خریدی گئی اشیا کو دوبارہ ارزاں قیمتوں میں فروخت کر دیتے تھے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے نے ریاض پولیس کے ترجمان میجر خالد الکریدیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ پولیس کو شکایات موصول ہوئی تھیں کہ چند افراد نے آن لائن خریداری کرنے کے بعد جو پے آڈر دیے ہیں وہ جعلی نکلے ہیں۔
پولیس نے شکایات پرتفتیش کرتے ہوئے چار غیرملکیوں کو حراست میں لے لیا جن میں سوڈانی، یمنی اور شامی شامل ہیں۔ چاروں منظم طریقے سے خریداری کرتے اور ڈیلیوری مین کو جعلی پے آڈردے دیتے تھے۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم اب تک 3 لاکھ 50 ہزار ریال کی خریداری کرچکے ہیں۔ گروہ کے خلاف کیس درج کرکے انہیں پراسیکیوشن جنرل کے حوالے کردیا گیا ہے تاکہ مزید تفتیش کی جا سکے۔ بعدازاں ان کا مقدمہ کریمنل کورٹ کو بھیجا جائے گا-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں