کورونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر سعودی عرب میں خریداری کے بعد ادائیگی کا نیا طریقہ کامیابی سے رائج ہو رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہاں خریداروں نے اپنے طرز زندگی میں بہت سی عادات میں تبدیلیوں کو اپنانا شروع کر دیا ہے۔ مارکیٹوں سے خریداری کے بعد نقد ادائیگی کے بجائے بینک کارڈ سے ٹچ سسٹم پے منٹ کا طریقہ اپنایا جا رہا ہے۔
فنانشل سروسز کمپنی ماسٹر کارڈ کے سروے کے مطابق کورونا وائرس سے بچاو کے لیے خریداری کے بعد ادائیگی کے اس بہترین حفاظتی ٹیکنالوجی کے طریقہ کار کو اپنایا جا ررہا ہے۔
سروے کے نتائج سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ 65 فیصد سعودی صارفین روزمرہ کی خریداری کے بعد ادائیگی کے اس محفوظ ، تیز رفتار اور صاف ستھرے ٹچ فری طریقے کوترجیح دے رہے ہیں۔
81 فیصد صارفین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاو کے بعد سعودی عرب میں آن لائن خریداری کی طرف جانا پڑرہا ہے اور اب ہم خریداری کے اس طریقہ کار کو جاری رکھیں گے۔
ماسٹر کارڈ برائے سعودی عرب اور بحرین کے جنرل مینجر جے کے خلیل نے بتایا ہے کہ ہمارے ادائیگی کے اس طریقہ کار کی پیشکش کو سعودی مانیٹری اتھارٹی(ساما) کی جانب سے مکمل تائید و حمایت حاصل ہے۔
تمام مقامی بینکوں کو ادائیگی کے لیے بلامعاوضہ خدمات پیش کرنے اور ادائیگی کی حد میں اضافہ کا فیصلہ مقامی معیشت کے ساتھ اس کا پختہ عزم ظاہر کرتا ہے۔
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلاو کی روک تھام کے سلسلے میں ادائیگی کی جدید ٹیکنالوجی کا یہ طریقہ کار مناسب طریقے سے اپنایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ جہاں لاک ڈاون ، معاشرتی دوری، گھروں میں بیٹھ کر کام کرنا اور آن لائن شاپنگ کا یہ معمول بنتا جا رہا ہے تو وہاں یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ رمضان مبارک کے دوران اور آنے والی عید الفطر کے لیے اپنے رشتہ داروں اور دوستوں میں آن لائن خریداری کے ساتھ تحائف کا تبادلہ کر رہے ہیں جو آسان اور محفوظ راستہ ہے۔
تحائف اور دیگر مصنوعات کے تبادلے کا سلسلہ کافی پہلے ہی ڈیجیٹل واوچر کی جانب رخ اختیار کر گیا تھا مگر اب وبائی امراض کے پیش نظر اس طریقہ کار میں مزید اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
ڈیجیٹل گفٹ کارڈ کمپنی یوگاٹا گفٹ کے چیف ایگزیکٹو افسر حسین ماکیہ نے بتایا ہے کہ گذشتہ سال کی نسبت آن لائن خریداری میں تقریبا 80 فیصد اضافہ ہواہے ۔ مارچ اور اپریل 2020 میں خریداروں کی تعداد فروری 2020 کے مقابلے میں 35 فیصد بڑھی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم صارفین کے رحجان کے مطابق تبدیلیاں کر رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ای گفٹ کارڈ کے ذریعے گاہکوں کو صحیح اشیاء مہیا کی جائیں۔
حسین ماکیہ نے مزید بتایا کہ وبائی امراض کے دنوں میں کاروباری ادارے اور تنظیموں کی اچھی خاصی تعداد ڈیجیٹل گفٹ کارڈ کا انتخاب کر رہی ہے۔جس پر اداروں اور ان کے ملازمین کے ساتھ ساتھ صارفین بھی قابل تعریف ہیں۔
چیف ایگزیکٹو حسین ماکیہ نے بتایا کہ یہ بات نوٹ کی گئی ہے کہ بہت سی کمیونٹیز اور ہزاروں خاندانوں کو روزانہ کی بنیاد پر ایک بٹن کلک کر نے پر ان کی ضرورت کا سامان بحفاظت ان کے گھروں تک پہنچایا جا رہا ہے۔
یوگوٹا گفٹ نے حال ہی میں کچھ بڑے برانڈ کے ساتھ مل کر ایک کیئر کارڈ لانچ کیا ہے جس کے ذریعے گھریلو ضروریات کا روزہ مرہ کا سامان، ادویات ،کھانے پینے کی اشیاء اور موبائل فونز ٹاپ اپ کیے جا سکتے ہیں۔
کمپنی نے رمضان کارڈ کا بھی خصوصی طور پر اجراء کیا ہے جس کے ذریعہ ضرورت مند افراد اور خاندانوں کو آسانی کے ساتھ عطیات کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔