Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحر احمر کے ساحل پر تاریخی بازار میں سیاحوں کا رش

سیاح تاریخی بازار دیکھنے کے لیے اہل خانہ کے ہمراہ آتے ہیں (فوٹو ایس پی اے)
موسم سرما کے دوران ینبع البحر کے تاریخی بازاروں کی رونقیں بحال ہوگئیں- مملکت کے مختلف علاقوں کے باشندے بحر احمر کے ساحل پر واقع تاریخی بازار دیکھنے کے لیے ینبع البحر پہنچ رہے ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق بحر احمر کے ساحل پر تاریخی بازار آباؤ اجداد کی یادیں تازہ کر رہا ہے- یہاں کی دکانیں پرانے طور طریقے، لین دین کے انداز، بزرگ خواتین و حضرات سے ملاپ کا بہترین موقع فراہم کر رہی ہیں۔

ینبع البحر کے بیشتر بازار 70 برس پرانے ہیں- (فوٹو: ایس پی اے)

سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ہر سال موسم سرما کی آمد پر مقامی سیاح تاریخی بازار دیکھنے کے لیے ینبع اہل و عیال کے ہمراہ آتے ہیں- یہاں وہ ریستورانوں میں ظہرانہ یا عشائیہ بچوں کے ساتھ  کرکے بے حد خوشی محسوس کرتے ہیں- ینبع البحر کے بیشتر بازار 70 برس پرانے ہیں-  بازاروں میں بوڑھی خواتین دستی مصنوعات  فروخت کرتی ہیں-  
ینبع کا تاریخی علاقہ ازسر نو آباد کیا گیا ہے- تعمیر نو کی منصوبہ بندی میں چھوٹی چھوٹی باتوں کا خیال رکھا گیا- بوڑھی خواتین اور مرد یہاں ماضی میں گھریلو اشیا تیار کرکے فروخت کیا کرتی تھیں- انہیں آج بھی دستی مصنوعات کے ذریعے روزی روٹی کمانے کے مواقع مہیا کیے گئے ہیں- 
ینبع کے تاریخی بازار موسم سرما میں شام ہوتے ہی آباد ہوجاتے تھے-  آج کل بھی یہی ماحول یہاں دیکھنے میں آ رہا ہے- ینبع کا تاریخی علاقہ ساحل سمندر سے دس میٹر کے فاصلے پر واقع ہے- رات کے وقت یہاں کی خنک ہوائیں سیاحوں کے لیے کشش کا باعث بنی ہوئی ہیں- سیاح یہاں آکر گرم مشروبات کے ذریعے سردی سے چھٹکارا حاصل کرتے ہیں جبکہ بہت سارے لوگ انفرادی اور اجتماعی شکل میں یہاں رت جگا کرکے  قدرتی ماحول، صاف شفاف سمندر، نیلے آسمان اور چمکتے ستاروں کے مناظر کا لطف اٹھاتے ہیں۔

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: