عادل الجبیر نے بھی کورونا ویکسین لگوا لی
الجبیر ویکسین کی دوسری خوراک 20 روز بعد لیں گے۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ و رکن کابینہ عادل الجبیر نے بھی ریاض میں اتوار کو کورونا ویکسین لگوا لی۔
سعودی حکومت نے سب سے پہلے دارالحکومت ریاض میں کووڈ 19 ویکسین سینٹر قائم کیا ہے اور یہ مملکت بھر میں سب سے بڑا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق الجبیر ویکسین کی دوسری خوراک 20 روز بعد لیں گے۔ وزارت صحت کی ہدایت ہے کہ ویکسین لینے والے مقررہ نظام الاوقات کی پابندی کریں۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں اعلی شخصیات میں سب سے پہلے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کورونا ویکسین لگوائی تھی جس کے بعد سے تمام اعلی عہدیدار ویکسین لگوا رہے ہیں۔
سعودی عرب کے مفتی اعلی شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے سنیچر کو ویکسین کی پہلی خوراک لی تھی، انہوں نے اس موقع پر سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے نام اپنے پیغام میں کہا تھا کہ سب لوگ پہلی فرصت میں کورونا ویکسین لیں اور یہ یہ اللہ کی نعمتوں میں سے ایک ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے بتایا ہے کہ اب تک 7 لاکھ سے زیادہ افراد کورونا ویکسین کے لیے رجسٹریشن کراچکے ہیں۔ اندراج کرانے والوں کی تعداد دن بدن بڑھتی جارہی ہے۔