Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کورونا کیسز چار سے چھ ہفتے میں زیرو پر پہنچ جائیں گے‘

نئے مصدقہ کیسز کی تعداد سو سے کم ریکارڈ کی گئی ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں کنگ سعود میڈیکل یونیورسٹی میں معاون پروفیسر ڈاکٹر ناصر توفیق نے عندیہ دیا ہے کہ ’مملکت میں کورونا کے کیسز چار سے چھ ہفتے کے اندر زیرو پر پہنچ جائیں گے‘۔ 
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر توفیق کا کہنا تھا کہ’ نو ماہ میں پہلی بار اتوار کو سعودی عرب میں  کورونا کے نئے مصدقہ کیسز کی تعداد سو سے کم ریکارڈ کی گئی ہے اور یہ خوشی کا مقام ہے۔ سعودی ذرائع ابلاغ، مقامی شہریوں کو اس پر اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے‘۔ 
ڈاکٹر توفیق نے مزید کہا کہ ’یہ بات اپنی جگہ درست ہے کہ کورونا کی وبا چھ ہفتے کے اندر ختم ہوجائے گی تاہم سب لوگ سماجی فاصلے کی پابندی کریں۔  منہ، ناک اور آنکھ  چھونے سے پرہیز کریں، دستانے اور ماسک استعمال کرتے رہیں ایک ماہ تک اس کا سلسلہ جاری رکھیں تب ہی وبا سے نجات حاصل کرسکیں گے‘۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں کورونا کے نئے کیسز کم ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ پچھلے 24 گھنٹے کے دوران صرف 82 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ 
گذشتہ سال مارچ کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ مملکت میں کورونا وائرس کے روزانہ کیسز 100 سے کم ہوگئے ہیں۔ 
وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ’پچھلے چوبیس گھنٹے میں 180 مریض شفایاب ہوئے۔ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد تین لاکھ 54 ہزار 443 ہوچکی ہے‘۔

شیئر: