Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان میں جمعرات سے تین ہفتے کے لیے لاک ڈاون

  شام چھ سے صبح پانچ بجے تک کرفیو رہے گا۔(فوٹو روئٹرز)
لبنان نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے تین ہفتے کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے جو جمعرات سات جنوری سے یکم فروری تک پورے ملک میں لگایا جائے گا۔
عرب نیوز کے مطابق لبنانی وزیر صحت حماد حسن نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران شام چھ سے صبح پانچ بجے تک کرفیو رہے گا۔
وزارتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں حماد حسن نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ یہ وبائی چیلنج اس مرحلے تک پہنچ گیا ہے جس سے شہریوں کی زندگیوں کو سنگین خطرات ہیں اور ہسپتال بیڈ فراہم کرنے کے قابل نہیں ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق لبنان میں لاک ڈاؤن کے دوران ریستوران بند رہیں گے تاہم ہوم ڈیلیوری سروس جاری رہے گی۔ 
لبنان کے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن سے کارخانے، وزارتوں کے دفاتر، پریس، بینک اور سرکاری ادارے مستثنیٰ ہوں گے۔
علاوہ ازیں طبی عملے، ذرائع ابلاغ کے کارکن اور فوجیوں پر بھی یہ پابندی لاگو نہیں ہوگی۔ 

لبنان میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔(فوٹو روئٹرز)

 کارخانوں میں 30 فیصد، وزارتوں میں 25 فیصد، پریس میں 30 فیصد، بینکوں میں 20 فیصد اور سرکاری اداروں میں 25 فیصد تک عملہ ڈیوٹی پر ہوگا۔ 
یاد رہے کہ لبنان میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔ گذشتہ روز دو ہزار 870 نئے مریض سامنے آئے تھے۔

شیئر: