فیفا کے صدر انفانٹینو کی مملکت آمد، سعودی فٹبال میوزیم کا دورہ
فیفا کے صدر انفانٹینو کی مملکت آمد، سعودی فٹبال میوزیم کا دورہ
بدھ 6 جنوری 2021 20:20
سعودی وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی نے صدر گیانی انفنٹینو کا خیرمقدم کیا۔(فوٹو ٹوئٹر)
فٹبال کی انٹرنیشنل فیڈریشن کے صدر گیانی انفانٹینو بدھ کے روز سعودی عرب کے دورہ پر ریاض پہنچے جہاں سعودی وزیر کھیل نے ان کا استقبال کیا۔
عرب نیوز کے مطابق سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے بتایا ہے کہ سعودی عرب کے وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی نے بدھ کے روز ریاض میں فیڈریشن آف انٹرنیشنل فٹ بال ایسوسی ایشن (فیفا) کے صدر گیانی انفنٹینو کا خیرمقدم کیا ہے۔
شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی آل سعود نے سعودی عرب اور فٹ بال کی گورننگ باڈی کے ساتھ مل کر فیفا کے صدر کے ساتھ ایک اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں فیفا کی جانب سے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس اجلاس میں نائب وزیر کھیل عبد اللہ الدالک اور سعودی عرب کی فٹ بال فیڈریشن کے صدر یاسر المسحل نے بھی شرکت کی۔
بعد ازاں سعودی فیڈریشن کے صدر یاسر المسحل، شہزادہ عبد العزیز الفیصل ، فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو اور سابق صدر احمد عید کے ہمراہ سعودی فٹ بال اچیومنٹ میوزیم کا دورہ بھی کیا ۔
اس موقع پر فیفا کے صدر کو فٹبال میوزیم میں 1956 میں سعودی فیڈریشن کی رکنیت کی منظوری دینے والی فیفا کی سرکاری دستاویز بھی دکھائی گئیں جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا۔