Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں آخری دفعہ برف باری کب ہوئی تھی؟

’چند سال قبل کچھ لوگوں نے مارگلہ کی پہاڑیوں پر برف باری دیکھنے کا دعوٰی کیا (فوٹو: اے پی پی)
اسلام آباد کے شہری جو مری کے قریب ہیں اور صبح و شام اس کی ہواؤں سے لطف اندوز ہوتے ہیں ان کی خواہش ہوتی ہے کہ موسم سرما میں ملکہ کوہسار کی طرح یہاں بھی برف باری ہو۔
اگر کبھی اولے برسیں، یا صبح میں شبنم ذرا دیر تک جمی رہے تو بہت سے لوگ اس کی تصاویر لے کر اس کو برف باری سے تشبیہ دینا شروع کر دیتے ہیں۔
لیکن محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں چاہے آسمان سے سفید رنگ کے اولے برسیں یا زمین پر شبنم کے قطرے جمے ہوئے ملیں، ان کو برف باری قرار دینا مناسب نہیں ہے، اور ماضی قریب میں شاید ہی یہاں کبھی برف پڑی ہو۔
ایک فورکاسٹ انجینیئر نے اردو نیوز کو بتایا کہ اسلام آباد کا موسم ریکارڈ کرنے والی آبزرویٹری زیرو پوائنٹ پر نصب ہے، اور ماضی قریب میں اس آبزرویٹری پر برف باری کبھی ریکارڈ نہیں ہوئی۔
’چند سال قبل کچھ لوگوں نے مارگلہ کی پہاڑیوں اور شہر کے کچھ حصوں میں برف باری دیکھنے کا دعوٰی کیا تھا لیکن ہمارے پاس اس کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے کیونکہ ہمارے سٹیشن پر برف باری نہیں ہوئی تھی۔‘
’اگر کہیں ہلکی برف باری ہوئی بھی ہو تو اس کو اس لیے ریکارڈ نہیں کیا جا سکتا کیونکہ اس کے لیے برف کی موٹی تہہ کو ماپنا ہوتا ہے، اس کو پانی میں بدل کر اس کی مقدار کا اندازہ لگانا ہوتا ہے اور یہاں پر اتنی برف باری یا اولے کبھی نہیں پڑے کہ وہ جم گئے ہوں اور ان کو ماپا جا سکے۔‘
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر خالد ملک نے اردو نیوز کو بتایا کہ برف باری کے لیے ضروری ہے کہ درجہ حرارت زیرو سے مسلسل کم رہے جو کہ اسلام آباد میں نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال سردیوں میں بھی برف باری کا کوئی امکان نہیں کیونکہ ماضی کی طرح اس سال بھی یہاں درجہ حرارت زیرو سے کم نہیں رہے گا۔

شیئر: