Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ ہسپتال میں ایک سال دیکھ بھال کے بعد پاکستانی بچہ قونصلیٹ کے حوالے

عمرے پر آئی ہوئی پاکستانی خاتون نے بچے کو جنم دیا تھا۔ (فوٹو: عکاظ)
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ زچہ بچہ ہسپتال نے ایک سال تک دیکھ بھال کے بعد پاکستانی بچے عبداللہ کو قونصلیٹ کے حوالے کیا ہے۔
عکاظ اوراخبار 24 کے مطابق ایک پاکستانی خاتون بی بی حاجرہ  نے جو اس وقت عمرے پر آئی ہوئی تھی 9 جنوری 2020 کو مکہ مکرمہ میں قیام کے دوران اس بچے کو جنم دیا تھا۔

 

 کورونا وبا کی وجہ سے والدین غلام حیدر اور بی بی حاجرہ مجبورا پاکستان واپس چلے گئے تھے۔ اس دوران ہسپتال انتظامیہ نومولود کی دیکھ بھال کرتی رہی اور اب اسے پاکستان قونصلیٹ کے افسر کے حوالے کردیا گیا ہے۔
 پاکستان قونصلیٹ بچے کو جلد والدین کے پاس پاکستان کوئٹہ بھجوائے گی۔
مکہ مکرمہ زچہ بچہ ہسپتال کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ہلال المالکی نے بتایا کہ’ بچہ آپریشن سے پیدا ہوا تھا۔ اس کا وزن ایک کلو تھا اور پری میچور تھا۔ اسے 46 دن تک مصنوعی تنفس پر رکھا گیا۔‘
انتہائی نگہداشت کے شعبے کے سربراہ ڈاکٹر عطیہ بن صالح الزہرانی نے جو زچہ بچہ ہسپتال میں میڈیکل ڈائریکٹر بھی ہیں بتایا کہ’ پاکستانی بچے کو تقریبا ایک برس تک آئی سی یو میں رکھا گیا اس کے بعد اسے سماجی نگہداشت کے ادارے کے سپرد کردیا گیا تھا۔‘

 پاکستان قونصلیٹ بچے کو والدین کے پاس پاکستان کوئٹہ بھجوائے گی۔

رپورٹ کے مطابق ہسپتال کے عہدیدار مسلسل ایک سال تک نہ صرف بچے کی نگہداشت کا اہتمام کرتے رہے بلکہ اس دوران اس کے ماں باپ سے بھی مسلسل رابطے میں رہے۔ بچے کے والدین کو تازہ صورتحال سے آگاہ کرکے تسلی دیتے رہے۔ 

شیئر: