فلسطینی صدر محمود عباس نے جمعے کو پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔
صدارتی دفتر سے جاری بیان کے مطابق 22 مئی کو پارلیمانی انتخابات اور 31 جولائی کو صدارتی انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پندرہ سال بعد فلسطین میں انتخابات کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔
محمود عباس کی فتح پارٹی جس کا مغربی کنارے پر کنٹرول ہے اور حماس جو غزہ میں طاقت رکھتی ہے نے دوبارہ انتخابات میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
فتح اور حماس مذاکرات کے بعد گزشتہ ستمبر میں 2021 میں انتخابات کرانے کے لیے اصولی طور پر ایک معاہدے تک پہنچے تھے۔
حماس نے جمعے کو فلسطینی صدر کے اس اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔
ایک بیان میں کہا کہ ’حالیہ مہینوں میں ہم نے اس دن تک پہنچنے کے لیے رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے کام کیا ہے‘۔
فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق صدر محمود عباس نے انتخابات سے متعلق صدارتی فرمان پر دستخط کیے ہیں جس میں مئی اور جولائی کی تاریخوں کی وضاحت کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 2005 میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں محمود عباس باسٹھ فیصد سپورٹ کے ساتھ منتخب ہوئے تھے۔