حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے کہا ہے کہ ’مسجد نبوی اور مدینہ منورہ کی تاریخ محفوظ کرنے اور آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کے لیے نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’نمائش میں تاریخی اور نادر مخطوطات کے علاوہ مسجد نبوی سے متعلق نوادرات بھی موجود ہیں‘۔
خیال رہے کہ مسجد نبوی شریف کے مخطوطات کی نمائش کے مشترکہ منصوبے کا مقصد اسلامی علوم کی ترویج واشاعت کے علاوہ اسلامی ثقافت و تہذیب کا تحفظ اور نئی نسل تک اس کی منتقلی ہے۔
مسجد نبوی شریف کے مخطوطات کی نمائش سے مدینہ منورہ کے زائرین فائدہ اٹھا سکیں گے۔ علاوہ ازیں ریسرچ کرنے والوں کے لیے بھی اس میں کافی مواد ہوگا۔
نمائش میں کنگ عبد العزیز عجائب گھر کی خدمات پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔ عجائب گھر نے مدینہ منورہ کی تاریخ محفوظ کرنے کے لیے اب تک کیا اقدامات کیے ہیں، اس کی بھی تفصیلات ہوں گی۔
عجائب گھر میں حرمین شریفین انتظامیہ کی خدمات اور مختلف تاریخی مراحل کے تحفظ کے علاوہ یہاں مختلف تاریخی ادوار میں دستیاب قرآن مجید کے نسخوں کی بھی نمائش ہوگی۔