جازان کی فیفا کمشنری کے ہر گھر میں کیلے یا کافی کا درخت
جازان کی فیفا کمشنری کے ہر گھر میں کیلے یا کافی کا درخت
بدھ 20 جنوری 2021 5:39
فیفا کے ہر گھر کے گارڈن میں کیلے یا کافی کا درخت لگایا جاتا ہے- (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب کے جازان ریجن کی فیفا کمشنری انواع و اقسام کے پھلوں کے باغات، مختلف اشیا کی کھیتی باڑی اور زرعی پیداوار کے لیے مشہور ہے۔ یہ علاقہ سعودی عرب کے جنوب مغرب میں واقع ہے۔ فیفا کے باشندے سال بھر تازہ پیداوار سے فیض اٹھاتے رہتے ہیں۔
العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے زرعی سائنسدان محمد الفیفی نے بتایا کہ فیفا کا مشہور ترین پھل کیلا ہے۔ قدیم زمانے سے یہاں اس کی کاشت ہو رہی ہے۔
محمد الفیفی نے بتایا کہ فیفا کے ہر گھر کے برابر میں زرعی فارم یا باغ ہوتا ہے جہاں مختلف پھلوں کے درخت یا کسی نہ کسی چیز کی کاشت کی جاتی ہے۔ یہاں کے باشندے کیلے اور کافی کی کاشت بڑے شوق سے کرتے ہیں۔ ہر گھر کے گارڈن میں کیلے یا کافی کا درخت لگایا جاتا ہے۔ بہت کم لوگ کیلے اور کافی فروخت کرتے ہیں- زیادہ تر پیداوار خاندان کے استعمال میں آجاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے یہاں کیلے کے درخت لمبے نہیں ہوتے۔ اس ایک بڑا فائدہ یہ بھی ہے کہ جب شدید ہوائیں چلتی ہیں یا آندھی آتی ہے یا تیز بارش ہوتی ہے تو کیلے کے درخت زمین کی جانب جھک جاتے ہیں مگر جڑ سے نہیں اکھڑتے۔ موسمی حالات کا آسانی سے مقابلہ کرلیتے ہیں۔
جازان ریجن میں جو کیلے پیدا ہوتے ہیں ان کا حجم چھوٹا ہوتا ہے اور رنگ سبز ہوتا ہے۔ کیلے کی پیداوار میں کوئی کیمیکل یا کھاد استعمال نہیں ہوتی۔ بڑی اچھی بات یہ ہے کہ کیلے کے درختوں کو کسی قسم کا زرعی مرض نہیں لگا۔ آبپاشی میں بارش کے پانی پر ہی انحصار کیا جاتا ہے۔ کہاجا سکتا ہے کہ فیفا کے پہاڑی علاقوں میں پیدا ہونے والے کیلے اعلی درجے کے آررگینک ہوتے ہیں- یہاں کے کیلے پک جاتے ہیں مگر پھر بھی ان کا رنگ سبز ہی رہتا ہے-
سعدوی ماہر کا کہنا ہے کہ اگر کسی گھر میں فیفا کا ایک کیلا بھی ہوتا ہے تو اس کی خوشبو گھر کے کونے کونے میں پھیلی رہتی ہے- فیفا کے کیلے معروف عوامی کھانوں میں بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں