سپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں ایک زور دار دھماکے کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بدھ کے روز میڈرڈ کی ایک عمارت میں گیس خارج ہونے کی وجہ سے دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں عمارت گر گئی ہے جبکہ دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
دھماکے کے باعث گیارہ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق حکومتی اہلکار نے سپین کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل کو بتایا کہ ’دھماکہ اس وقت ہوا جب کارکن عمارت کا بوائلر ٹھیک کر رہے تھے۔‘
برطانوی خبر رساں ادارے ’روئٹرز‘ کے رپورٹر نے عمارت سے دھواں نکلتے اور امدادی اداروں کو ایک قریبی نرسنگ ہوم سے عمر رسیدہ افراد کو نکالتے دیکھا ہے۔
ٹی وی ای کے رپورٹر نے کہا ہے کہ ’متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔‘
پولیس ترجمان نے کا کہنا ہے کہ ’علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے تاہم اس وقت انہوں نے دھماکے کی وجہ نہیں بتائی تھی۔‘