اجتماعات میں ایس او پیز کی خلاف ورزی، ایک لاکھ ریال تک جرمانہ ہوگا
پانچ سے زیادہ افراد کا ایک جگہ پر اجتماع خلاف قانون ہے۔(فوٹو عاجل)
سعودی وزارت داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ گھروں، گیسٹ ہاؤسز یا زرعی فارموں میں حد سے زیادہ افراد جمع نہ ہوں اور اس حوالے سے اس سے بچاؤ کے لیے مقرر ایس او پیز کی پابندی کی جائے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر کہا ہے کہ پانچ سے زیادہ افراد کا ایک جگہ پر اجتماع خلاف قانون ہے۔
ایسے افراد کو جن کی آپس میں رشتہ داری نہ ہو اور جو کسی ایک جگہ نہ رہتے ہوں ان کا مقررہ تعداد سے زیادہ جمع ہونا خلاف قانون ہوگا۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ پہلی خلاف ورزی پر اجتماع کے ذمہ دار ادارے پر 50 ہزار ریال کا جرمانہ ہوگا اور شرکا میں سے ہر ایک پر 5 ہزار ریال کا جرمانہ کیا جائے گا جو بھی لوگوں کو جمع کرے گا اس پر بھی یہ جرمانہ ہوگا۔
دوسری خلاف ورزی پر ادارے اور انچارج پر ایک لاکھ ریال جرمانہ ہوگا اور شرکا یا مدعو شخص پر دس ہزار ریال جرمانہ لگایا جائے گا۔
تیسری خلاف ورزی پر ادارے اور انچارج کا جرمانہ دگنا کردیا جائے گا جبکہ شرکا اور مدعو افراد کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا جائے گا۔