کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں، کوئی رعایت نہیں ہوگی: وزارت داخلہ
کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں، کوئی رعایت نہیں ہوگی: وزارت داخلہ
اتوار 24 جنوری 2021 18:11
وزارت داخلہ کا کہنا ہے پوری قوت سے پابندی کرائی جائے گی۔( فوٹو سبق)
سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان طلال الشلھوب نے کہا ہے کہ ’کورونا سے بچاؤ کے لیے مقرر ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔ کسی کے ساتھ بھی کوئی رعایت نہیں ہوگی‘۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان نے اتوار کو ریاض میں پریس کانفرنس میں کہا کہ’ آئندہ ایام میں حفاظتی ماسک استعمال نہ کرنے اور حد سے زیادہ افراد کے اجتماع کا سختی سے نوٹس لیا جائے گا اور اس کی پابندی پوری قوت سے کرائی جائے گی‘۔
انہوں نے کہا کہ ’بعض لوگ اس حوالے سے لاپروائی برت رہے ہیں جس کا نتیجہ کورونا کے کیسز میں اضافے کی صورت میں برآمد ہورہا ہے‘۔
وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ ’سب کا مفاد اسی میں ہے کہ ایس او پیز مخالف اجتماع کے قریب نہ جائیں۔ وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر ضوابط کی انتہا درجے پابندی کریں۔افراد اور ادارے سب اپنی جگہ مقررہ ہدایات کا احترام کریں‘۔
الشلھوب نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے پھر کہا کہ ’وہ جہاں بھی اور جس وقت بھی کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کا کوئی واقعہ دیکھیں تو فوری طور پر 999 پر رابطہ کرکے مطلع کریں۔ اس نمبر پر مملکت کے کسی بھی علاقے سے رابطہ کیا جاسکتا ہے البتہ مکہ مکرمہ اور ریاض ریجنوں کے باشندوں کے لیے رابطہ نمبر 911 مقرر کیا گیا ہے‘۔
علاوہ ازیں وزارت داخلہ نے ٹوئٹر پر بیان میں بتایا کہ’ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کورونا ایس او پیز کی 18033 خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئیں‘۔
سب سے زیادہ خلاف ورزیاں ریاض، دوسرے مکہ تیسرے، شرقیہ چوتھے، قصیم پانچویں، مدینہ منورہ، چھٹے، باحہ ساتویں، الجوف آٹھویں، تبوک نویں اور حائل دسویں نمبر پررہا۔