پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ، پہلے دن کا کھیل بولرز کے نام رہا
پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ، پہلے دن کا کھیل بولرز کے نام رہا
منگل 26 جنوری 2021 8:37
ایڈین مارکرم 13 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گینڈ پر آوٹ ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کے جواب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز مایوس کن تھا۔ پاکستان نے پہلے روز کھیل کے اختتام تک 33 رنز بنائے اور اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی جانب سے عمران بٹ اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑی صرف 15 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
عابد علی صرف چار رنز بنا کر ربادا کی گیند پر بولڈ ہو گئے جبکہ عمران بٹ نو رنز بنانے کے بعد ربادا کی بال پر ہی کیچ آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کے دونوں اوپنرز صرف 15 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
کپتان بابر اعظم صرف سات رنز بنانے کے بعد مہاراج کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جبکہ نائٹ واچ مین شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے نورٹجی کی بال پر بولڈ ہوگئے۔ اظہر علی اور فواد عالم پانچ پانچ رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ربادا نے پاکستان کے دونوں اوپنرز کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ مہاراج اور نورٹجی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بدھ کے روز پاکستانی ٹیم 33 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز دوبارہ شروع کرے گی۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اس پر بھاری ثابت ہوا اور پوری ٹیم 220 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
آج منگل کو جنوبی افریقہ کی طرف سے اننگز کا آغاز ڈین الگر اور ایڈین مارکرم نے کیا اور پہلے اووز میں ہی جارحانہ کھیل شروع کر دیا لیکن ایڈین مارکرم 13 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گینڈ پر آوٹ ہو گئے۔
اس کے بعد ڈین الگر اور ریسی وینڈر ڈسن کے درمیان 33 رنز کی شراکت داری ہوئی جس کے بعد ریسی وینڈر 17 رنز بنا کر بابر اعظم کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے۔
پاکستانی سپنرز کے جادو کے آگے جنوبی افریقہ کے بلے باز بے بس نظر آئیں اور فاف ڈو پلیسی صرف 23 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد جنوبی افریقہ کے کپتان کوئنٹن ڈی کوک بھی کچھ خاص نہ کر سکے اور 15 رنز بنا کر پولین واپس لوٹ گئے۔ انہیں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے سپنر نعمان علی نے آؤٹ کیا۔
نعمان علی نے اس کے بعد اوپنر ڈین الگر کو بھی مزید وکٹ پر ٹکنے نہ دیا اور آؤٹ کر دیا۔ الگر نے 58 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں نو چوکے شامل تھے۔
اس کے بعد ٹیل اینڈرز نے سکور کو تھوڑا ہی آگے بڑھایا کہ ٹمبا باوما کو حسن علی نے رن آوٹ کر دیا۔ جبکہ جارج لنڈے کو 35 رنز پر آؤٹ کر کے حسن علی نے میچ میں اپنی پہلی وکٹ لی۔
کیشو مہاراج مہاراج اور انریچ نورٹجے کو اپنے کھاتے کھولنے کا موقع بھی نہ ملا اور دونوں کو یاسر شاہ نے بولڈ کیا۔ لونگی نگیڈی بھی صرف آٹھ رنز بنا سکے اور شاہین شاہ آفریدی کی گینڈ پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
کھگیسو رباڈا 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی طرف سے یاسر شاہ نے تین اور نعمان علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔
اس سے پہلے ٹاس ہارنے کے بعد پاکستانی کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ’ہم بھی ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرتے، وکٹ بہت خشک ہے، لگتا ہے گیند بریک ہو گا۔‘
پاکستان کی طرف سے اس میچ میں عمران بٹ اور نعمان علی نے ڈیبیو کیا ہے۔
ڈیبیو کرنے والے عمران بٹ کو یونس خان اور نعمان علی کو یاسر شاہ نے ٹیسٹ کیپ دی۔
قومی ٹیم جن 11 کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ان میں کپتان بابر اعظم، اظہر علی، عابد علی ،عمران بٹ، محمد رضوان ، فہیم اشرف، شاہین شاہ، حسن علی، فواد عالم ، نعمان علی اور یاسر شاہ شامل ہیں۔
مہمان ٹیم پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ اور تین ٹی 20 میچز کھیلے گی۔
خیال رہے کہ جنوبی افریقا نے اس سے قبل 2007 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔