ہوم گراؤنڈ پر14 سال بعد جنوبی افریقہ سے سامنا، پاکستان کے لیے’یادگار لمحہ‘
ہوم گراؤنڈ پر14 سال بعد جنوبی افریقہ سے سامنا، پاکستان کے لیے’یادگار لمحہ‘
اتوار 24 جنوری 2021 6:54
کراچی میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ کو پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے اعتماد کا ووٹ سمجھا جا رہا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم 14 برس بعد پاکستان کی سرزمین پر ٹیسٹ میچ کھیلے گی جس کو ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کی جانب ’یادگار لمحہ‘ قرار دیا جا رہا ہے۔
ادھر اتوار کو قومی کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے 17 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو ساحلی شہر کراچی میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ کو پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے اعتماد کا ووٹ سمجھا جا رہا ہے جہاں لاہور میں سنہ 2009 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر دہشت گرد حملے کے بعد غیر ملکی ٹیمیں آنے سے ہچکچا رہی ہیں۔
گزشتہ چھ برس کے دوران پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ محدود اوورز تک رہی تاہم دسمبر 2019 میں سری لنکن ٹیم کے سیریز کھیلنے سے ایک دہائی بعد ٹیسٹ کرکٹ بحال ہوئی۔
پہلے ٹیسٹ کے لیے سترہ کھلاڑیوں پر مشتمل سکواڈ میں عابد علی، عمران بٹ، اظہر علی، بابر اعظم، فواد عالم، سعود شکیل، فہیم اشرف، محمد نواز، محمد رضوان، سرفراز احمد، نعمان علی، ساجد خان، یاسر شاہ، حارث رؤف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور تابش خان شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے دورے کے دوران سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
وسیم خان نے کہا کہ ’یہ کرکٹ کے شائقین اور سپورٹرز کے لیے انتہائی خوشی اور مسرت کا موقع ہے۔‘
ان کے مطابق ’میں یہ کہوں گا کہ یہ یادگاری لمحہ ہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم 14 برس بعد پاکستان میں ہے اور ہر ایک میچز کا انتظار کر رہا ہے۔‘
انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم بھی پاکستان میں رواں سال اکتوبر میں دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے رضامند ہوئی ہے۔ یہ انگلش ٹیم کا سنہ 2005 کے بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔
نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں بھی محدود اوورز کے میچز کھیلنے رواں سال پاکستان کا دورہ کریں گی۔
اے ایف پی کے مطابق اگر حالات معمول کے مطابق رہے تو آسٹریلوی کرکٹ ٹیم اگلے سال ٹیسٹ اور ایک روزہ میچز کھیلنے پاکستان آئے گی۔ آسٹریلیا نے پاکستان کا آخری دورہ سنہ 1998 میں کیا تھا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 26 ٹیسٹ میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے 15 جنوبی افریقہ اور چار پاکستان نے جیتے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ ’ہماری محنت رنگ لا رہی ہے اور آنے والا وقت پُرمسرت ہے۔‘
پاکستان کے کپتان بابر اعظم کے کندھوں پر اہم ذمہ داری ہے اور ان کو ہوم گراؤنڈ پر جنوبی افریقہ کی مضبوط ٹیم کا سامنا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 26 ٹیسٹ میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے 15 جنوبی افریقہ اور چار پاکستان نے جیتے ہیں جبکہ سات بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔
پاکستان کی ٹیم حال ہی میں نیوزی لینڈ میں ٹیسٹ سیریز دو صفر سے ہار چکی ہے جس میں بابر اعظم زخمی ہونے کی وجہ سے حصہ نہیں لے سکے تھے۔