Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ماحولیاتی قانون کی خلاف ورزی، غیرملکیوں سمیت 37 گرفتار

 پکڑے گئے افراد گاڑیوں پر لکڑیاں لادے ہوئے تھے ( فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں امن عامہ کے اہلکاروں نے مملکت کے نو علاقوں میں ماحولیاتی قانون کی خلاف ورزی کرنے والے 37 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ان میں سے 27 سعودی اور 10 غیرملکی ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق امن عامہ کے اہلکاروں نے ریاض، مکہ ، قصیم، الجوف، حائل، حدود شمالیہ، جازان، نجران اور باحہ میں درخت کاٹ کر لکڑیاں فروخت کرنے اور منتقل کرنے پر عائد پابندی کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کی۔
زیرحراست افراد میں سے 27 سعودی ہیں جبکہ 10 کا تعلق یمن، سوڈان’ پاکستان اور مصر سے ہے۔  پکڑے گئے افراد 37 گاڑیوں پر لکڑیاں لادے ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ سعودی وزارت داخلہ موسم سرما شروع ہونے کے بعد سے اب تک ملک کے تمام علاقوں میں درخت کاٹنے، ان کی لکڑیاں منتقل کرنے اور بیچنے والوں کے خلاف مہم چلائے ہوئے ہے۔
سعودی حکومت درختوں کے تحفظ کے سلسلے میں سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
امن عامہ کے محکمے نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جنگلی حیاتیات کو نقصان نہ پہنچائیں اور اگر ان کےعلم میں جنگلی حیاتیات کو نقصان پہنچانے کا کوئی واقعہ آئے یا وہ اس کا مشاہدہ کریں تو ایمرجنسی نمبر 996 اور 999 پر رابطہ کرکے مطلع کریں۔ یہ دونوں نمبر مملکت بھر میں موثر ہیں البتہ مکہ اور ریاض ریجنز کے  911 نمبر خاص ہے۔ 
یاد رہے کہ سعودی عرب میں  ماحولیاتی قانون کی خلاف ورزی کی سزا دس برس تک قید اور 30 ملین تک جرمانہ ہے۔ یہ قانون مجلس شوریٰ نے حال ہی میں منظور کیا ہے۔

شیئر: