ریاض انویسٹمنٹ فورم دنیا کو ’امید کا پیغام‘ دے گا
2019 کے ایونٹ میں 20 ارب ڈالر مالیت کی 24 سرمایہ کاری کی ڈیلز کا اعلان کیا گیا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں بدھ سے سے فیوچر انویسٹمنٹ انیشیئٹو (ایف آئی آئی) کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز ہو رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس دو روزہ ایونٹ سے خطاب کرنے والوں میں اولمپکس میڈلسٹس، سیاسی رہنما، نوبل انعام یافتہ افراد اور عالمی سی ای اوز شامل ہیں۔
’تجدید نو‘ کے نام سے ہونے والے اس ایونٹ میں شرکت کرنے والے 150 افراد میں جمیکا کے آٹھ دفعہ کے اولمپکس گولڈ میڈلسٹ یوسین بولٹ کا نام بھی موجود ہے۔
کورونا وبا کی وجہ سے عائد سفری پابندیوں کی وجہ سے صرف کچھ ہی افراد ریاض میں منعقدہ ہونے والے اس ایونٹ میں موجود ہو گے جبکہ باقی لوگ نیو یارک، پیرس، بیجنگ اور ممبئی سے ورچوئلی طور پر شامل ہو گے۔
حالیہ دنوں میں ایونٹ میں خطاب کے لیے جن بڑی شخصیات کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے ان میں اٹلی کے سابق وزیراعظم میٹیو رینزی، آسٹریلیا کے سابق وزیراعظم کیون رُڈ، ارجنٹائن کے صدر البرٹو فرنینڈیز اور فرانس کے وزیر مالیات اور معیشت برونو لی مائر شامل ہیں۔
فیوچر انویسٹمنٹ انیشیئٹو ایک ایسا عالمی پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے جہاں عالمی رہنما، سرمایہ دار اور نئی ایجادات سامنے لانے والے آپس میں مباحثہ کرتے ہیں۔
2019 کے ایونٹ میں 20 ارب ڈالر مالیت کی 24 سرمایہ کاری کی ڈیلز کا اعلان کیا گیا تھا کیونکہ سعودی معیشت غیرملکی سرمایہ کاری کے لیے
کھل چکی ہے۔
ایف آئی آئی انسٹیٹیوٹ کی آرگنائزنگ باڈی کے سی ای او رچرڈ ایٹیس نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا ’وبا کی وجہ سے عائد پابندیوں کا مطلب ہے کہ 2021 کا ایونٹ پہلے ایڈیشنز سے ’بالکل مختلف‘ ہو گا۔‘
انہون نے مزید کہا کہ ’ہمیں ابھی بھی امید کے پیغام کو لے جانے کی ضرورت ہے، ایک پیغام کہ عالمی معیشت نہیں رکنی چاہیے اور نہ ہی رک سکتی ہے۔ اسی لیے ہم اس موضوع کی ایک منفرد شکل میں میزبانی کر رہے ہیں۔‘