سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ مملکت کے چار علاقوں کے لیے سیکیورٹی ایجنسی میں خواتین کی تقرری ہوگی-
اخبار 24 کے مطابق وزارت داخلہ کے ماتحت عسکری امور کے ادارے نے جمعرات کو بیان جاری کرکے کہا کہ ریاض، عسیر، جازان اور نجران میں لیڈیز سیکیورٹی گارڈز کی تقرری کا فیصلہ کیا گیا ہے- درخواستیں سنیچر 30 جنوری کو آن لائن وصول کی جائیں گی-
وزارت داخلہ نے امیدوار خواتین کے لیے شرائط جاری کردیں- پہلی شرط یہ ہوگی کہ ثانوی سکول پاس ہو یا اس کے مساوی سرٹیفکیٹ رکھتی ہو- اس سے بڑی ڈگری رکھنے والی خواتین کو ترجیح دی جائے گی-
دوسری شرط یہ ہے کہ اچھے چال چلن کی مالک ہو-
تیسری شرط یہ ہے کہ اس کے پاس موثر قومی شناختی کارڈ ہو-
چوتھی شرط یہ ہے کہ وزن اور قد میں تناسب ہو-
پانچویں شرط یہ ہے کہ اس سے قبل اس نے کسی سرکاری ادارے میں ملازمت بھی نہ کی ہو اور نہ ہی اس کی تقرری کسی عسکری اسامی پر نہ ہوئی ہو-