Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسلح افواج میں پہلی مرتبہ خواتین کی بھرتی

وزارت دفاع میں خواتین کی بھرتی اپنی نوعیت کا پہلا اور انوکھا اقدام ہے، فوٹو: سبق
سعودی مسلح افواج میں پہلی مرتبہ خواتین کو بھرتی کیا جائے گا۔ وزارت دفاع نے خواہش مند خواتین کو اپنی درخواستیں آن لائن جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت دفاع نے کہا ہے کہ خواتین کو عام سپاہی، سٹاف سارجنٹ، فرسٹ سارجنٹ، میجر اور دیگر عہدوں پر بھرتی کیا جائے گا۔
وزارت دفاع نے فوج میں بھرتی ہونے کی خواہش مند خواتین کے لئے درخواستیں جمع کرانے کے لئے ای میل اکاؤنٹ بھی جاری کر دیا ہے۔

خواتین کو عام سپاہی، سٹاف سارجنٹ، فرسٹ سارجنٹ اور میجر بھرتی کیا جائے گا، فوٹو: ٹوئٹر

قانونی مشیر ریم الحسن نے کہا ہے کہ ’وزارت دفاع میں خواتین کی بھرتی اپنی نوعیت کا پہلا اور انوکھا اقدام ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ حکومت سعودی خواتین کی کارکردگی پر اعتماد کرتی ہے۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’وزارت دفاع نے خواتین کو بھرتی کرنے کے لئے آسان شرائط مقرر کی ہیں۔ اس سے امید ہے کہ بڑی تعداد میں خواتین درخواستیں جمع کرائیں گی۔‘
ریم الحسن نے کہا ہے کہ ’سعودی خاتون پہلے دن سے ہی ملک کی اولین سپاہی رہی ہے اور اس نے ہر محاذ پر ملک و قوم کی حفاظت کی ہے۔‘
انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ ’بہت جلد خواتین کو ہر شعبے میں پائیں گے۔ عنقریب ہمارے ملک میں خاتون وزیر اور جج بھی ہوں گی۔‘
واضح رہے کہ وزارت دفاع نے خواہش مندوں کے لئے جن شرائط کا تقرر کیا ہے ان میں ان کا اصل سعودی ہونا، سعودی عرب میں پیدائش اور پرورش، نیک سیرت، کسی جرم میں ملوث نہ ہوئی ہو، طبی لیاقت ہو، 21 سال سے زیادہ عمر ہو، 155 سینٹی میٹر قد ہو اور ہائی سکول پاس ہو۔ دیگر شرائط میں غیر سعودی مرد سے اس کی شادی نہ ہونا بھی شامل ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: