Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’فضائیہ کا طیارہ اگلے چند گھنٹوں میں ویکسین لے کر پاکستان لے لیے روانہ ہوگا‘

پاکستانی فضائیہ کا خصوصی طیارہ چین سے سائنو فارم کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ لینے کے لیے بیجنگ پہنچ گیا ہے۔
اتوار کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے پاکستانی فضائیہ کے طیارے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا، ’پاکستان ایئر فورس کے طیارے میں بیجنگ ائرپورٹ پر کرونا ویکسین لوڈ ہونے کا عمل جاری. اگلے چند گھنٹوں میں یہ طیارہ ویکسین لے کر پاکستان کے لئے روانہ ہو جائے گا اور اگلے چند دنوں میں پاکستان میں ویکسینیشن کا عمل شروع ہو جائے گا انشاءاللہ۔‘
 
قبل ازیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ویکسین کی آمد پر ملک بھر میں ایک جامع انتظامی حکمت عملی، اور انتظامی اقدامات کو پہلے ہی حتمی شکل دی جا چکی ہے۔
بیان میں بتایا گیا تھا کہ اسلام آباد میں ویکسین محفوظ کرنے کے لیے اور مختلف وفاقی اکائیوں بالخصوص سندھ اور بلوچستان میں ویکسین پہنچانے کی تمام ضروری کارروائیاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ صوبائی اور ضلعی سطح پر ویکسین لگانے کے مراکز، معاون مراکز اور بالغ ویکیسن مراکز کے ساتھ ویکسین کا مرکزی دفتر این سی او سی اسلام آباد میں قائم کیا گیا ہے۔
گذشتہ روز وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا تھا کہ کوویکس کی جانب سے پاکستان کو کورونا ویکسین کی ایک کروڑ 70 لاکھ خوراکوں کی فراہمی کا خط موصول ہوا ہے۔
اسد عمر نے ٹویٹ کے ذریعے اعلان کیا کہ ویکسین کی فراہمی کے لیے گلوبل الائنس کویکس کی جانب سے کورونا ویکسین فروری سے ملنا شروع ہوگی۔
ان کے مطابق پاکستان کو 60 لاکھ ویکسین مارچ تک مل جائیں گی۔ ’تمام ایک کروڑ 70 لاکھ خوراکیں 2021 کی پہلی ششماہی میں موصول ہو جائیں گی۔‘

شیئر: