پاکستان کے متحدہ عرب امارات میں نئے تعینات ہونے والے سفیر افضال محمود نے منگل دو فروری کو کمیونٹی کے مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے کھلی کچہری منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کھلی کچہری سے پہلے ہی کمیونٹی نے سفارتی عملے کی شکایات اور مسائل کے انبار لگا دیے ہیں۔
پاکستانی سفارت خانے سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’امارات میں پاکستانی سفیر منگل دو فروری کو مقامی وقت کے مطابق دن 10 بجے کھلی کچہری لگائیں گے جہاں وہ کمیونٹی کے مسائل سنیں گے۔‘
مزید پڑھیں
-
’پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت سے مواقع ہیں‘Node ID: 507536
-
امید ہے جلد ویزہ کی بحالی ہو جائے گی: اماراتی سفیرNode ID: 526671
’اگر کسی بھی پاکستان کو کوئی مسئلہ یا شکایت درپیش ہے تو وہ اس میں شرکت کر سکتا ہے۔ کھلی کچہری کا انعقاد ابوظہبی میں پاکستانی سفارت خانے میں کیا جائے گا۔‘
پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے یہ اعلامیہ آفیشل فیس بک پیج پر بھی پوسٹ کیا گیا جہاں کچھ افراد نے اسے اچھا اقدام قرار دیا تاہم اکثریت نے اس کھلی کچہری کو مشکل وقت گزر جانے کے بعد کی ایک غیر ضروری مشق قرار دیا۔
پاکستانیوں نے پاسپورٹ، شناختی کارڈ کے اجرا میں تاخیر، پی آئی اے اور سفارت خانے کے عملے کے رویے سمیت کئی امور کی جانب توجہ مبذول کرائی ہے۔
صارف محمد یونس نے لکھا کہ ’شکر ہے کہ آپ لوگوں کے دل میں اورسیز پاکستانیوں کے لیے تھوڑا رحم آ گیا ہے۔‘
ایک صارف نوید اقبال نے کہا کہ ’ہزاروں پاکستانی ایسے ہیں جن کے پاس پاسپورٹ نہیں، آئی ڈی کارڈ نہیں اور وہ مجبوری کی وجہ سے ادھر اُدھر کام کرتے ہیں۔ سب سے پہلے اس مسئلہ کو حل کریں اور انھیں پاسپورٹ اور آئی ڈی کارڈ بنا کر دیں۔‘
کچھ پاکستانیوں نے شکایت کی کہ پی آئی اے متحدہ عرب امارات سے پاکستانیوں کی میتوں کو لے جانے میں معاونت نہیں کرتا۔
