سعودی عرب کے سرکاری اور نجی اداروں نے ’توکلنا‘ ایپ دکھائے بغیر بازاروں اور پبلک مقامات میں داخلے پر پابندی کا نفاذ شروع کردیا ہے۔ پابندی نئے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے لگائی گئی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق تبوک اور ریاض ریجنوں میں پابندی پر عمل درآمد کے مناظر پر مشتمل وڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگے۔ جن میں نظر آرہا ہے کہ بازاروں اور پبلک مقامات پر توکلنا ایپ دیکھی جا رہی ہے جو لوگ اپنے موبائل میں توکلنا ایپ ڈاؤن لوڈ کیے ہوئے ہیں اور جو صحت مند ہیں انہیں آن کی اجازت دی جارہی ہے جبکہ توکلنا ایپ کی پابندی نہ کرنے والوں کو واپس کیا جارہا ہے۔

وڈیو کلپ دیکھنے سے ظاہر ہورہا ہے کہ مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی ایسی بڑی تعداد پائی گئی جو مارکیٹ جانے سے قبل توکلنا ایپ ڈاؤن لوڈ کیے ہوئے تھی۔
ایک مقامی شہری نے الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ توکلنا ایپ کی پابندی کا فیصلہ بہت عمدہ ہے۔ اس کی بدولت معاشرے کو وبا سے تحفظ حاصل ہوگا۔
