انڈیا کی جنوبی ریاست تمل ناڈو کے دارالحکومت چینئی میں ایک جوڑے نے سمندر کی گہرائیوں میں شادی کی رسومات ادا کی ہیں۔
یکم فروری کی صبح بحر ہند کے خلیج بنگال میں وی چننادورئی اور ایس سویتھا نے نیلنکرائی ساحل کے قریب 60 فٹ گہرے پانی میں ایک دوسرے کو ہار پہنائے اور شادی کی رسم ادا کی۔
شادی کی ویڈیو سوشل میڈیا اور بطور خاص واٹس ایپ کے گروپس میں گردش کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں
-
کورونا کے سائے میں منفرد شادیNode ID: 467556
-
انڈین مشیر کی ’تھری ایڈیٹس‘ اور ویب سیریز سے مثالیںNode ID: 536801
-
انڈیا میں پولیو کے قطروں کے بجائے بچوں کو سینیٹائزر پلا دیا گیاNode ID: 537751
وی چننادورئی ایک سند یافتہ سکوبا ڈائیور یعنی غوطہ خور ہیں۔ انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'شادی روایتی انداز میں ہوئی بس فرق صرف اتنا تھا کہ یہ پانی کے نیچے تھی۔ ہم نے اپنے پجاری کے مشورے کے مطابق صبح ساڑھے سات بجے سے پہلے کی شبھ (سعد) گھڑی میں پانی کے اندر ایک دوسرے کو ہار پہنائے اور تھالی باندھی۔'
چننادورئی اور ان کی اہلیہ سویتھا، دونوں سافٹ ویئر انجینیئر ہیں۔ لیکن سویتھا ماہر سکوبا غوطہ خور نہیں ہیں بلکہ انھوں نے شادی کے لیے ایک ماہ سے سکوبا ڈائیونگ کی تربیت لینی شروع کی تھی۔
دلھن سویتھا نے بتایا کہ وہ اور ان کے والدین شادی کے دن تک بہت نروس تھے۔ انھوں نے کہا: 'میں بہت نروس تھی اور میرے والدین بھی۔ لیکن ہمارے ساتھ آٹھ غوطہ خور تھے۔ یہ بہت سنسنی خیز تھا کہ ہم ایک ہفتے پہلے سے ہی شادی کی رسوم کو ادا کرنے کی مشق کر رہے تھے۔'
دی ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق اگر چہ دولھا اور دلھن سکوبا سوٹ میں مشق کر رہے تھے لیکن انھوں نے شادی کے دن روایتی لباس پہنے تھے۔
