سعودی شہری کی دماغی موت واقع ہوگئی تھی۔(فوٹو سوشل میڈیا)
ایک سعودی شہری کے اعضا کے عطیے کی بدولت امارات اور سعودی عرب میں چھ لوگوں کو نئی زندگی مل گئی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق ابوظبی صحت خدمات کمپنی ’صحۃ‘ نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ العین شہر کے ہسپتال میں اعضا کی پیوند کاری میں کامیاب ہوگیا۔ یہ کام اعضا کی پیوند کاری کے سعودی مرکز کے تعاون سے ممکن ہوسکا ہے۔
صحۃ کمپنی نے بتایا کہ پچاس سالہ سعودی شہری کی دماغی موت واقع ہوگئی تھی۔ متوفی کے رشتہ داروں نے رابطے کے بعد انسانی بنیادوں پر متوفی کے اعضا عطیہ کرنے کی منظوری دی۔
صحۃ کمپنی کا کہنا ہے کہ آپریشن میں چار گھنٹے لگے۔ سعودی شہری کو جنوری 2021 کے دوران طوم ہسپتال اس وقت لایا گیا جب دماغ میں شدید چوٹ لگنے پر وہ کومہ میں چلا گیا تھا۔
جب ڈاکٹروں نے اس کی دماغی موت کا اعلان کیا تو مقررہ ضوابط کے مطابق عطیہ شدہ اعضا کی مدد سے چھ مریضوں کی جان بچائی جاسکی۔
العین میں چار مریضوں کو اعضا کی پیوند کاری میں مدد ملی۔ ابوظبی کے ایک مریض کو بھی فائدہ ہوا اسے گردے کی ضرورت تھی جبکہ سعودی عرب کے ایک مریض کے دل کی پیوند کاری کی گئی۔
فضائی ایمبولینس کے ذریعے دماغی طور پر متوفی مریض کے اعضا مریضوں میں منتقل کیے گئے۔