امارات میں ویکسین بڑی عمر کے افراد کو لگانے کا فیصلہ
وزارت صحت کے مطابق اتوار کو امارات میں کورونا کے تین ہزار 93 نئے کیسز سامنے آئے۔ (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات نے عارضی طور پر فیصلہ کیا ہے کہ اس وقت ملک میں صرف بڑی عمر کے افراد اور بیماروں کو کورونا وائرس کی ویکسین لگائی جائے گی۔
سرکاری خبر رساں ادرے وام نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا ہے کہ ویکسینیشن کے حوالے سے مذکورہ فیصلہ کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ بیماری کی روک تھام کی جا سکیں۔
اگلے چار سے چھ ہفتوں کے دوران حکام زیادہ سے زیادہ عمر رسیدہ اور مخصوص بیماریوں میں مبتلا افراد کو ویکسین لگانے کی کوشش کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق کچھ کیسز میں آبادی کے دیگر طبقات کو بھی ویکسین لگائی جائے گی۔
ویکسینیشن پالیسی میں عارضی تبدیلی اس وقت کی گئی جب گذشتہ چھ ہفتوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد تین گنا بڑھ گئی۔
تین فروری کو امارات میں کورونا وائرس کے تین ہزار 977 نئے کیسز سامنے آئے۔
امارات میں چین کی تیار کردہ سائنو فارم ویکیسن تمام بالع افراد کے لیے مہیا کی گئی تھی جب کہ دبئی نے فائزر اور ایسٹرا زنیکا کی ویکسین بھی ریاست کے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے لیے مہیا کی تھی۔ لیکن ویکسینیشن کے حوالے سے ترجیح بڑی عمر کے افراد اور بیماروں کی دی جاتی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق اتوار کو امارات میں کورونا کے تین ہزار 93 نئے کیسز سامنے آئے۔