حوثیوں کے ایک دن میں چار حملے ناکام، ڈرونز تباہ
اتوار کی صبح ایک اور شام کو دو ڈرون حملے کے لیے بھیجے گئے ( فوٹو عرب نیوز)
عرب اتحاد نے اتوار کی صبح اور شام حوثیوں کے چار بارودی ڈرون حملوں کو ناکام بنایا ہے۔
عرب اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئر ترکی المالکی نے کہا ہے کہ’ ایران کے حمایت یافتہ حوثی دہشت گردوں نے سعودی عرب پر حملے کے لیے اتوار کی شام تین ڈرون حملے کے لیے بھیجے تھے انہیں ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی تباہ کردیا گیا‘۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق عرب اتحاد نے بتایا کہ ’حوثیوں کی تخریبی استعداد اور تباہی پھیلانے والی صلاحیت کو غیرموثر کرنے کے لیے بین الاقوامی قانون کے مطابق اقدامات کیے جائیں گے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’حوثی دہشت گرد شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوششیں اب بھی جاری رکھے ہوئے ہیں‘۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق اس سے قبل عرب اتحاد برائے یمن نے بیان جاری کرکے کہا تھا کہ حوثی دہشت گردوں نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کے شہریوں اور سول تنصیبات پر حملے کے لیے ایک بارودی ڈرون بھیجا تھا جسے ہدف پر پہنچنے سے قبل ہی تباہ کردیا گیا۔
اتحادی افواج کے ترجمان بریگیڈیئر ترکی المالکی نے بتایا تھا کہ ’حوثی باغیوں نے اتوار کو علی الصباح جنوبی علاقے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی‘۔
’راڈار پر اطلاع ملتے ہیں سعودی فضائیہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حوثی ڈرون کو فضا میں نشانہ بناکر ناکارہ کر دیا ہے‘۔
’حوثی ڈرون کی فضا میں تباہی سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا‘۔