خلاف ورزی کی اطلاع فوری طور پر 940 پر کی جائے( فوٹو ای پی اے)
سعودی عرب میں لوگوں سے کہا جا رہا ہے کہ وہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کی اطلاع دیں۔
سعودی حکام کورونا سے بچاؤ کے لیے مقرر کردہ ایس او پی کی پابندی اور صحت اور حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی کرنے والے کاروباری اداروں پر اپنی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق میونسپلٹی کی فیلڈ ٹیمیں گائیڈ لائن اور احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونے کو یقینی بنانے کے لیے تجارتی اداروں کے معائنے کو تیز کر رہی ہیں۔
ادھر سعودی وزارت بلدیہ، دیہی امور اور ہاؤسنگ نے کہا ہے کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
سعودی وزارت بلدیہ کے مطابق ان خلاف ورزیوں میں عوامی سطح پر صفائی کی کم سطح، جراثیم کش مادے کی کمی، دستانے اور ماسک کی کمی کے ساتھ ساتھ حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزیاں بھی شامل ہیں۔
سعودی وزارت بلدیات نے کہا ہے کہ موجودہ صورت حال میں’متحد‘ ہونے کی ضرورت ہے۔
وزارت نے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے کہا ہے کہ وہ جہاں بھی کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی دیکھیں فوری طور پر 940 پر اس کی اطلاع دیں۔
سعودی عرب میں تبوک میونسپلٹی نے کاروباری اداروں کی کورونا وائرس اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے حال ہی میں دو ہزار سے زیادہ فیلڈ معائنے کیے۔ ان دوروں کے نتیجے میں احتیاطی اقدامات کی خلاف ورزی کرنے والے 45 اداروں کو بند کر دیا گیا جبکہ 140 دیگر افراد کو انتباہ بھی جاری کیا گیا۔
الباحہ میونسپلٹی نے احتیاطی اور حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی کرنے والے 19 تجارتی اداروں کو بند کر دیا۔