Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسئلہ فلسطین پر سعودی موقف غیر متزلزل ہے: شہزادہ فیصل بن فرحان

عرب ممالک درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔  (فوٹو العربیہ)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے عرب وزرائے خارجہ اجلاس میں کہا ہے کہ ’سعودی عرب ایک فلسطینی ریاست جس کا دارلحکومت مشرقی القدس ہو کے قیام کے لیے پرعزم ہے‘۔
’مسئلہ فلسطین کے حوالے سے ہمارا موقف غیر متزلزل ہے۔ عرب ممالک درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ایک دوسرے کے شانے سے شانہ ملا کر کام کریں گے‘۔  
عرب نیوز اور سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق فیصل بن فرحان پیرکو قاہرہ میں عرب وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
سعودی وزیرخارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ ’وہ ایران کو پڑوسی ملکوں میں دخل اندازیوں اور خطے کو خطرات لاحق کرنے سے روکنے کے لیے اقدامات کرے‘۔ 
انہوں نے کہا کہ  ایرانی نظام اپنی ملیشیاؤں کے ذریعے عرب ممالک کے امن و استحکام کو خطرات لاحق کررہا ہے۔ انہوں نے سول تنصیبات پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت بھی کی ہے۔  
فیصل بن فرحان نے ایران کی دھمکیوں سے زیادہ متاثر ممالک کو مستقبل کے کسی بھی معاہدے کافریق بنایا جائے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’ایران کے بیلسٹک میزائل اور اس کی ایٹمی سرگرمیاں علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں‘۔ 
سعودی وزیر خارجہ نے یمنی فریقوں کی جانب سے ریاض معاہدے پر عمل درآمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’یمنی فریقوں کی جانب سے اپنے وطن کےمفاد کا خیال قابل قدر ہے‘۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب 1967 کی سرحدوں میں فلسطینی ریاست کے قیام اور مشرقی القدس کو اس کا دارالحکومت بنانے کے اپنے موقف پر پوری قوت کے ساتھ قائم ہے‘۔

 قاہرہ میں پیر کوعرب وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس شروع ہوا ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)

عرب وزرائے خارجہ نے پیر کو قاہرہ میں ہنگامی اجلاس شروع کیا ہے۔  وہ خطے کو درپیش نئے حالات پر تبادلہ خیال کے لیے اجلاس کررہے ہیں۔
عرب وزرائے خارجہ نئی امریکی حکومت کی پالیسی سے معاملات کے طریقہ کار اور عرب لیگ کےڈھانچے پر بھی غوروخوض کررہے ہیں۔
قاہرہ میں عرب وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس مصر کی صدارت میں ہورہا ہے۔ عربوں میں اتحاد و یکجہتی کا فروغ اور فلسطینی کاز سے متعلق مسلمہ اصولوں کی تائید و حمایت ایجنڈے پر ہے۔
دریں اثنا عرب لیگ نے فلسطینی علاقوں میں قابض افواج کی سرگرمیوں کی تحقیقات سے متعلق فوجداری کی عالمی عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
عرب ذرائع  نے توقع ظاہر کی ہے کہ عرب وزرائے خارجہ دو ریاستی حل کی پابندی اور تمام عرب ممالک کو فلسطین کاز کی مدد سے متعلق اہم فیصلہ جاری کرے گی۔ 

سعودی وزیر خارجہ نے عراقی اور فلسطینی ہم منصبوں سے بھی ملاقات کی ہے(فوٹو عرب نیوز)

مصری وزیر خارجہ سامح الشکری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا کہ بیت المقدس کیپوزیشن میں کوئی بھی تبدیلی سنگین نتائج کا باعث بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ مصر فلسطینی فریقوں کے درمیان مکالمے کی سہولت دے رہا ہے اور ان کے درمیان مصالحت کے لیے کوشاں ہے۔ 
سامح الشکری نے کہا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کی واپسی کا حق بے حد اہم ہے۔
علاوہ ازیں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے عراقی وزیر خارجہ فواد حسین اور اپنے فلسطینی ہم منصب ریاض المالکی سے بھی ملاقات کی ہے۔

شیئر: