مسئلہ فلسطین کا حل سعودی عرب کی اولین ترجیح ہے:شہزادہ فیصل بن فرحان
’سعودی عرب فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے دفاع کرتا رہے گا یہاں تک کہ انہیں ان کے جائز حقوق مل جائیں‘ (فوٹو: سبق)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کا حل سعودی عرب کی ترجیح اول ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’بانی مملکت شاہ عبد العزیز کے دور سے لے آج تک قضیہ فلسطین، سعودی عرب کی خارجہ پالیسی میں سرفہرست رہا ہے‘۔
فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر متعلقہ ادارے کو روانہ کیے گیے مکتوب میں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ’فلسطینی عوام کے حقوق نا قابل تقسیم اور تصرف ہیں‘۔
انہوں نے فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے جد و جہد کرنے والی تنظیموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’سعودی عرب فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے دفاع کرتا رہے گا یہاں تک کہ انہیں ان کے جائز حقوق مل جائیں‘۔
’سعودی عرب نے2002 میں مسئلے کے حل کے لیے فارمولہ پیش کیا تھا جسے تمام عرب ممالک کی تائید حاصل ہے‘۔
’فلسطین کی آزاد ریاست کے قیام اور ملک بدر عوام کی واپسی کے علاوہ بیت المقدس کو دار الحکومت تسلیم کیے بغیر یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا‘۔
’قابض اسرائیلی افواج کی طرف سے فلسطینی سر زمین پر یہودی بستیاں قائم کرنے عالمی قوانین اور انسانی حقوق کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہے‘۔