عرب گھوڑوں کی حسین تصاویر، سعودی خاتون فوٹو گرافر سے ملیے
عرب گھوڑوں کی حسین تصاویر، سعودی خاتون فوٹو گرافر سے ملیے
منگل 9 فروری 2021 5:02
گھوڑوں کی تصاویر لینے کے لیے اہم معلومات کا ہونا ضروری ہے- (فوٹو العربیہ)
سعودی آپٹیکل پیکٹوریل خاتون نے ’عربی النسل‘ گھوڑوں کے جمالیاتی پہلوؤں کی فوٹو گرافی کرکے نام پیدا کیا ہے۔
العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے منیرہ السویحب نے بتایا کہ ’بارہ برس سے زیادہ عرصے سے گھوڑوں کے اصطبلوں کے درمیان کیمرے کے ساتھ گھوم رہی ہوں۔ یہی وجہ ہے کہ کسی بھی فوٹو گرافر کے مقابلے میں گھوڑوں سے متعلق میری فوٹو گرافی مختلف ہے۔ جب بھی گھوڑوں کی فوٹو گرافی کرتی ہوں تو اپنے سارے وجود اور احساس کے ساتھ کرتی ہوں۔ اسی لیے منفرد اور خوبصورت تصاویر بنا پاتی ہوں۔‘
السویحب نے بتایا کہ گھوڑوں کی فوٹو گرافی میں کامیابی کی پہلی شرط یہ ہے کہ فوٹو گرافر گھوڑوں سے انسیت رکھتا ہو۔ فوٹو گرافر میں اہم ترین خوبی یہ ہونی چاہے کہ اس کی نظر گھوڑوں کی حرکات و سکنات پر رہے۔
’وہ ہمیشہ اس تاک میں رہے کہ کب گھوڑا کیا حرکت کرتا ہے اور اس کا اندازہ لگا کر فوٹو لینے کے لیے تیار رہے۔ یہ فوٹو گرافی دیگر اشیا اور جانوروں کی فوٹو گرافی سے بے حد مختلف ہے۔ اس میں وہی شخص کامیاب ہوسکتا ہے جو گھوڑوں کی چال کو سمجھتا ہو اور اس کی ساری توجہ گھوڑوں کی چال پر ہو۔‘
السویحب نے مزید بتایا کہ ’گھوڑوں کے خوبصورت فوٹو بنانے کے لیے اس بات کا دھیان رکھنا بھی ضروری ہے کہ فوٹو گرافر گھوڑوں کے جمالیاتی پہلوؤں کو مدنظر رکھے مثلا ان کی بڑی بڑی آنکھوں، کشادہ پیشانی، نتھنے، گردن اور بازوؤں کے عضلات اور پونچھ کی شکل و صورت کو نمایاں کیا جائے۔‘
السویحب نے کہا کہ ’فوٹو گرافی کی شروعات نجی سطح پر کی۔ خاندان میں ہونے والی تقریبات کی فوٹو گرافی کیا کرتی تھی پھر عمارتوں کی فوٹو گرافی کا سلسلہ شروع کیا۔ رفتہ رفتہ اعتماد پیدا ہوا تو مختلف ورکشاپوں میں فوٹو گرافی کے شائقین کے ساتھ تصاویر شیئر کرنے اور ان سے سیکھنے سکھانے کاسلسلہ بھی قائم کیا۔ میرے گھر والوں نے فوٹو گرافی کا مشغلہ جاری رکھنے کے لیے میری حوصلہ افزائی کی۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ آج مجھے فوٹو گرافی کا ہنر کسی حد تک آ گیا ہے۔‘
یاد رہے کہ خاتون فوٹو گرافر السویحب کئی عالمی ایوارڈ حاصل کرچکی ہیں۔ جرمن شہر ہیمبرگ میں منعقدہ فوٹو گرافی کے 8 ویں یورپی عرب میلے میں چوتھی پوزیشن کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔
منیرہ السویحب الخرج آپٹیکل پیکٹوریل گروپ میں لیڈیز سیکشن کی ڈپٹی چیئرپرسن ہیں۔ الخرج کمشنری اور اس سے باہر منعقد ہونے والی متعدد نمائشوں میں نام کما چکی ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں