Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جو بائیڈن کا نریندر مودی کو فون، ’جہموری اقدار کے تحفظ‘ پر بات چیت

وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر بائیڈن نے وزیراعظم مودی سے میانمار کی صورتحال پر بھی بات کی جہاں گزشتہ ہفتے فوج نے اقتدار سنبھال لیا تھا۔ فوٹو: روئٹرز
امریکی صدر جو بائیڈن نے انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ اپنے پہلے ٹیلیفونک رابطے میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دنیا میں موسمیاتی تبدیلی اور جمہوری اقدار کے دفاع پر گفتگو کی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جو بائیڈن کی ٹیلیفونک رابطے کو انڈیا کے ساتھ سابق صدر ٹرمپ کی پالیسی کے تسلسل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جنہوں نے اپنی مدت صدارت کے دوران آخری غیرملکی دورہ دہلی کا کیا تھا۔
سابق صدر انڈیا کو چین کے خلاف اپنے سخت مؤقف میں شراکت دار کے طور پر دیکھ رہے تھے۔

 

صدر بائیڈن نے انڈیا کے وزیراعظم کے ساتھ گفتگو میں موسمیاتی تبدیلی کو ایجنڈے میں شامل کیا جو عالمی درجہ حرات میں اضافے پر ان کی پالیسی کی ترجیحات کا حصہ ہے۔
وائٹ ہاؤس سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ’کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے، موسمیاتی تبدیلی پر اشتراک کار، عالمی معیشت کو دونوں ملکوں کے عوام کے فائدے کے لیے استوار کرنے اور عالمی دہشت گردی کے خلاف اکھٹے ہونے‘ کے عزم کا اعادہ کیا۔
نئی دہلی میں وزیراعظم کے دفتر سے جاری کیے گئے بیان میں صدر جو بائیڈن کی جانب سے موسمیاتی مسئلے پر گفتگو اور پیرس معاہدے میں امریکہ کے واپس آنے کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا میں موسمیاتی تبدیلیوں کے سدباب کے لیے کیے گئے پیرس معاہدے سے اپنے ملک کو الگ کر لیا تھا۔
بیان کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے اپریل میں بلائی گئی موسمیاتی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
انڈیا کو دنیا میں امریکہ اور چین کے بعد فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرنے والی تیسرا بڑا ملک قرار دیا جاتا ہے۔ تاہم انڈیا کا مؤقف رہا ہے اس کو اس معاملے میں ترقی یافتہ ملکوں کے ساتھ ایک جیسے قوانین پر عمل کے لیے مجبور کرنا ناانصافی ہوگی۔

سابق امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے دورِ اقتدار کا آخری غیرملکی دورہ انڈیا کا کیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی

وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر بائیڈن نے وزیراعظم مودی سے گفتگو میں دنیا میں جمہوری اداروں اور اقدار کے تحفظ کی اپنی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ جمہوری قدریں ہی امریکہ اور انڈیا کے تعلقات کی بنیادوں میں شامل ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق انڈیا کو امریکہ میں واضح حمایت حاصل ہے تاہم نریندر مودی کے ہندو قوم پرستی کے ایجنڈے اور مسلم اکثریتی ریاست کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے پر جو بائیڈن کی ڈیموکریٹک پارٹی کے قانون ساز تنقید کرتے رہے ہیں۔
حالیہ دنوں میں انڈیا میں کسانوں کے احتجاج کے دوران عالمی شہرت یافتہ پاپ سٹار ریحانہ اور موسمیاتی تبدیلیوں کی روک تھام کے لیے مہم چلانے والی گریٹا تھنبرگ نے حکومت کے اقدامات پر تنقید کی تھی۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر بائیڈن نے وزیراعظم مودی سے میانمار کی صورتحال پر بھی بات کی جہاں گزشتہ ہفتے فوج نے اقتدار سنبھال لیا تھا۔
انڈیا کے اپنے پڑوسی ملک میانمار کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔

شیئر: